سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کرکے واپس جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 5 افراد ریاض میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
حادثہ مکہ ریاض ہائے وے پرپیش آیا جس میں مالک خرما اور ان کے 4 بچے اکرم، مایا ، دانا اور دیما موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ مونا خرما شدید زخمی ہوئیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق 6 افراد پر مشتمل ایک خاندان عمرے کی ادائیگی کے بعد واپس متحدہ عرب امارات جارہا تھا کہ ان کی گاڑی کو مکہ ریاض ایکسپریس وے پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والی فیملی کا تعلق اردن سے ہے جو یو اے ای میں رہائش پذیر تھی، حادثے میں 4 بچے اور باپ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
کار میں سوار خاتون کو شدید چوٹی آئی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کنگ فیصل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
موقع پر موجود لوگوں کا کہنا تھا کہ ایکسپریس وے سے گزرنے والوں نے اپنی گاڑیاں روک کر خاندان کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔
اردن کے حکام کا کہنا ہےکہ میتوں کو واپس ملک لانے کے لیے اردن سفارتخانہ سعودی عرب سے رابطے میں ہے، جلد میتوں کو آبائی وطن منتقل کیا جائیگا۔