شیر جنگل میں ہو یا پنجرے میں وہ شیر ہی ہوتا ہے اور انسان کا شیر کے قریب جانا ہر صورت موت کو دعوت دینے کے مترادف ہوتا ہے، شیر سے اچانک مڈبھیڑ کی صورت میں اکثر انسانی جانوں کا ضیاع یقینی ہوتا ہے تاہم کچھ لوگ جان بوجھ کر شیر کے قریب جاکر موت کو دعوت دیتے ہیں۔
بھارت میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا جب ایک نوجوان شیر کو قریب سے دیکھنے کی خواہش میں پنجرے میں کود گیا اور پھر اپنی جان بچانا مشکل ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں نوجوان کو شیروں کے پنجرے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
نئی دہلی کے چڑیا گھر میں ایک نوجوان شیر کے پنجرے میں داخل ہوکر اس کے سامنے بیٹھ گیا اور اسے قریب سے دیکھنے لگا۔ یہ منظر شیر کیلئے بھی عجیب تھا کیونکہ اس سے پہلے محافظوں کے علاوہ کوئی انسان ان کے اتنے قریب نہیں آیا تھا۔
شش و پنج کا شکار شیر نوجوان پر حملہ نہیں کرتا تاہم نوجوان کے ساتھ ہی رہتا ہے۔ اس نوجوان کو چڑیا گھر کی انتظامیہ اور فاریسٹ رینجرز نے بہت مشکل سے بحفاظت باہر نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔