معذور سعودی شہری احمد یحییٰ نے اپنی بیساکھیوں پر چل کر مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ کی زیارت کی۔
اس سفر میں احمد یحییٰ کو 25 دن لگے لیکن اپنی معذوری کے باوجود احمد یحییٰ کے غیر متزلزل عزم نے اسے آگے بڑھنے میں مدد کی۔
ہر سال کئی نوجوان پیدل چل کر مختلف ممالک سے سعودی عرب میں حج اور عمرہ کیلئے آتے ہیں، اس سفر میں ان کا عزم و ہمت اس سفر میں سب سے بڑی سپورٹ کا کام کرتی ہے۔
احمد یحییٰ کا کہنا ہےکہ میں بے شک ٹانگوں سے معذور ہوں لیکن میرا حوصلہ بلند تھا اور میں نے مضبوط ارادہ کیا تھا کہ میں بیساکھیوں کے سہارے چل کر مکہ سے مدینہ جاؤنگا اور اللہ تعالیٰ نے میری مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ راستے میں بہت سے لوگوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور کچھ لوگوں نے مشکلات کا حوالہ بھی دیا لیکن میں نے ہار نہیں مانی اور 25 دن کا سفر طے کرکے مدینہ پہنچا ہوں۔
احمد یحییٰ کی کہانی سوشل میڈیا پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے معذور نوجوان کے حوصلے کی داد دی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ انسان اگر ارادہ کرلے تو کوئی بھی مشکل اس کیلئے رکاوٹ نہیں بن سکتی۔