کراچی میں گزشتہ کئی روز سے جاری خوشگوار موسم کے بعد گرمی کا سیزن دوبارہ واپس آگیا، محکمہ موسمیات نے شہر میں موسم گرم و مرطوب رہنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
شہر میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 27 اعشاریہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد رہا تھا اور آج جنوب مغرب سےچلنے والی ہواؤں کی رفتار 27 سے 36کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغرب سےچلنے والی ہواؤں کی رفتار 27 سے 36کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، اس لئے کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے واسا کے عملے کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔
واسا حکام کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں میں 25 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، سیدپور میں 11 ، بوکڑہ 24 ، پی ایم ڈی 27 ، شمس آباد میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی ہفتوں سے موسم انتہائی خوشگوار تھا، بادلوں نے سورج کو چھپائے رکھا جس کی وجہ سے گرمی بہت کم تھی تاہم گزشتہ چند روز سے کراچی میں پھر سے گرمی کا اثر دیکھا جارہا ہے۔