موت کی دھمکی کے بعد شاہ رخ خان کی سکیورٹی مزید سخت، ’منت‘ کے گرد بھی پولیس کے پہرے

انڈین فلم اداکار شاہ رخ خان کو موت کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی میں ان کی رہائش گاہ اور ان کی ذاتی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ دھمکی انھیں حالیہ دنوں میں فون کالز کے ذریعے مل رہی تھی۔ نئے سیکورٹی انتطام کے تحت چھ مسلح کمانڈو ان کی حفاضت پر چوبیس گھنٹے مامور رہیں گے۔
شاہ رخ خان کو دھمکیاں
Getty Images

انڈین فلم اداکار شاہ رخ خان کو موت کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی میں ان کی رہائش گاہ اور ان کی ذاتی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

یہ دھمکی انھیں حالیہ دنوں میں فون کالز کے ذریعے مل رہی تھیں۔ نئے سکیورٹی انتطام کے تحت چھ مسلح کمانڈو ان کی حفاظت پر 24 گھنٹے مامور رہیں گے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ممبئی پولیس کے حوالے سے خبر دی ہے کہ شاہ رخ خان نے چند دنوں پہلے مہاراشٹر حکومت سے تحریری شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی دو حالیہ کامیاب فلموں ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ کی ریلیز کے بعد انھیں مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیوں کی کالز آ رہی ہیں۔

ان کی شکایت کے بعد حکومت نے ان کی سکیورٹی میں فوری طور پر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھیں پہلے بھی سکیورٹی ملی ہوئی تھی اور دو مسلح کمانڈو ان کی حفاظت پر تعینات تھے۔

اب شار رخ کو ’وائی‘ زمرے کی سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت چھ مسلح کمانڈو اور پانچ دیگر پولیس اہلکار ان کی حفاظت کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹریفک کلیئرنس کے لیے ایک پولیس گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے۔ ایجنسی کے مطابق ریاستی خفیہ محکمے نے تمام اعلیٰ پولیس افسروں، ضلع کے پولیس محکموں اور سپیشل پروٹیکشن یونٹوں کو اس کے بارے میں ہدایت جاری کی ہیں۔

اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی سکیورٹی میں اضافہ کرنے کا فیصلہ ’شاہ رخ خان کو فوری اور ممکنہ خطرے‘ کے سبب کیا گیا ہے۔

ان سے کہا گیا ہے کہ ان کے علاقے میں شاہ رخ کی آمد، شوٹنگ یا پروگرام کے دوران انھیں ’وائی‘ زمرے کی سکیورٹی فراہم کی جائے۔ چار پولیس اہلکار شاہ رخ کے بنگلے ’منت‘ پر تعینات کیے گئے ہیں۔

یاد رہے رواں سال اگست میں آن لائن گیمنگ ایپ کے اشتہار میں آنے والے اداکاروں کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے تھے۔

shahrukh
Getty Images

دیپیکا کے زعفرانی لباس پر شاہ رخ کے خلاف احتجاج کا معاملہ

شاہ رخ کے خلاف مظاہرے کے بعد ممبئی کے ان کے بنگلے کے اطراف حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے تھے۔ اس سال مارچ میں دو افراد ان کے گھر کی دیوار پر کود کر اندر داخل ہو گئے تھے۔ انھیں سکیورٹی گارڈز نے پکڑ لیا تھا۔

آئی اے این ایس خبر رساں ایجنسی نے خبر دی ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پاڈوکون نے ایک منظر میں زعفرانی لباس پہنا ہوا تھا۔

اس گانے پر دائیں بازو کی بعض تنظیموں اور گروہوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ اس گانے میں زعفرانی رنگ کی اہانت کی گئی ہے۔ زعفرانی رنگ کو ہندو مذہب سے منسوب کیا جاتا ہے۔ ایودھیا کے ایک سادھو نے مبینہ طور پر شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ حالیہ دھمکی کس تنظیم یا گینگسٹر کی طرف سے دی گئی ہے۔

’گولی مارنی ہے مار دو لیکن تمہارے لیے کام نہیں کروں گا،میں پٹھان ہوں‘

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شاہ رخ کو موت کی دھمکی دی گئی ہو۔ حال میں فلمساز سنجے گپتا نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں لکھا تھا کہ ممبئی میں 90 کے عشرے میں جب انڈرورلڈ کے گینگسٹر فلم اداکاروں پر وصولی اور کسی خاص فلم ساز کے لیے کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا کرتے تھے اس وقت شاہ رخ واحد اداکار تھے جو ان کے سامنے نہیں جھکے تھے۔

گپتا نے سوشل میڈیا کی سائٹ ایکس پر لکھا تھا کہ ایک گینگسٹر کی دھمکی کے جواب میں شاہ رخ نے کہا تھا ’گولی مارنی ہے مار دو لیکن میں تمہارے لیے کام نہیں کروں گا۔ میں پٹھان ہوں۔‘

وائی زمرے کی سخت سکیورٹی بالی وڈ کے ایک دوسرے اداکار سلمان خان کو بھی فراہم کی گئی ہے۔ انھیں گینگسٹر لارنس بشنوئی نے جان سے مارنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ یہ گینگسٹران دنوں جیل میں ہے۔

ان دونوں کے علاوہ امیتابھ بچن، اکشے کمار، عامر خان، انوپم کھیر اور ہیروئن کنگنا رانوت کو ’ ایکس‘ زمرے کی سکیورٹی ملی ہوئی ہے جس کے تحت تین مسلح محافظ 24 گھنٹے ان کی حفاظت پر مامور ہوتے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ سکیورٹی پر ہونے والے اخراجات کی ذمہ داری ان سیلیبریٹیز کی اپنی ہوتی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.