بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکارآفتاب شیو ڈیسانی سائبر فراڈ کا شکار ہوگئے، ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ممبئی پولیس کے مطابق اداکار کے ساتھ اتوار کو پیش آنے والے واقعہ کا کیس پیر کو درج ہوا۔ہوا کچھ یوں کہ آفتاب کو ایک نامعلوم موبائل فون نمبر سے پیغام ملا تھا۔ پیغام میں آفتاب کو کہا گیا کہ اپنے کے وائی سی تفصیلات جو کہ بینک سے لنک ہے اسے اپ ڈیٹ کریں، ایسا نہ کرنے کی صورت میں انکا اکاؤنٹ معطل ہوجائےگا۔
آفتاب شیو ڈیسانی نے ٹیکسٹ میسیج میں موجود لنک کو کلک کر دیا اور جب انہوں نے ہدایت پر عمل شروع کیا تو انہیں ایک پیغام موصول ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 49 ہزار اور 999 روپے کاٹ لئے گئے ہیں، جس پر انہوں نے بینک کے منیجر سے رابطہ کرکے ساری صورتحال سے آگاہ کیا اور منیجر کے مشورے پر پولیس کے پاس شکایت درج کروائی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بھی ان دنوں سائبر فراڈ بہت زیادہ عام ہوچکا ہے، شہریوں کو مختلف طریقوں سے الجھا کر ان کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرکے کھاتوں سے رقم نکال لی جاتی ہے۔
بھارت میں بھی سائبر فراڈ میں ملوث ملزمان سادہ لوح عوام کے ساتھ ساتھ اہم شخصیات کو بھی لوٹنے سے گریز نہیں کرتے۔ ممبئی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔