“بھارت میں بھلے سیکوئل فلمیں بنیں لیکن اگر انڈیا والے پاکستان کو گالی دیں گے تو میں ان کی عزت نہیں کروں گا۔ یہی وجہ ہے کہ میرے دل میں سنی دیول ایسے کسی اداکار کی عزت نہیں جو پاکستان کے خلاف بات یا کردار کرتا ہو۔ میرے لیے ان کا ملک اور ملکی ادارے اہم ہیں“
یہ کہنا ہے پاکستان کے سینئیر اور منجھے ہوئے اداکار بابر علی کا جنھوں نے نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنے ماضی اور حال پر گفتگو کے ساتھ بھارتی منافقت کا پردہ بھی چاک کردیا۔ بابر علی کا کہنا تھا کہ ہرکس کو حق ہے کہ وہ اپنے ملک کے لیے کچھ بھی کرے لیکن کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے ملک کو گالی دے۔ ہم میں اور بھارتیوں میں یہی فرق ہے کہ ہم انھیں گالی نہیں دیتے جبکہ وہ ہمیں گالیاں دیتے ہیں۔ میں پاکستانی جھنڈے، ملک اور فوج کو بدنام کرنے والے اداکاروں کی عزت نہیں کروں گا کیونکہ میرے لیے میرا وطن اور ادارے اہم ہیں۔
بابر علی نے بتایا کہ ان کے والد حافظ قرآن تھے اور ان کا گھرانہ کافی مذہبی تھا جس کی وجہ سے اداکاری ان کے لئے ممکن نہیں تھی لیکن شوق انھیں یہاں تک لے آیا۔ اگرچہ فلم انڈسٹری میں کافی پیسے ہیں لیکن انھیں ٹی وی ڈراموں میں کام کر کے زیادہ اچھا لگتا ہے۔
شوبز کی فیلڈ میں اسکینڈل وغیرہ پر بات کرتے ہوئے بابر علی کا کہنا تھا کہ وہ آج کل ہر ڈرامے میں کسی نوجوان لڑکی کے والد کا کردار ادا کرتے ہیں لیکن وہ کسی کو بری نظر سے دیکھتے ہی نہیں اس کے علاوہ ان کی اہلیہ بہت اچھی اور بہترین ہیں اسی لئے انھیں کسی اور جانب دیکھنے کی ضرورت نہیں۔