بالی ووڈ اداکار سنی دیول غدر ٹو کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر انڈسٹری میں فعال ہوگئے، شاہ رخ خان کے حوالے سے بھی اہم انکشاف کردیا۔
بھارتی اداکار سنی دیول نے ’کافی ود کرن‘شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان نے اداکاروں کو کموڈیٹی بنادیا ہے لیکن خود بہت محنتی شخص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکشے کمار کا بہت زیادہ فلمیں بنانا پسند نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان بہت نفیس انسان ہیں انہوں نے سب کو باڈی بلڈر بنادیا ہے۔
سنی دیول کا بالی وڈ کے ساتھ 35 سال کا رشتہ ہے جہاں انہوں نے 100 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔ انہیں دو مرتبہ قومی فلم اعزازات (بھارت) سے نوازا گیا اور دو مرتبہ فلم فیئر اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
سنی دیول کی پہلی فلم امریتا سنگھ کے ساتھ 1982ء میں بیتاب آئی، یہ امریتا کی بھی پہلی فلم تھی۔ وہ اس فلم کے لیے فلم فیئر اعزاز برائے بہترین اداکار کے نامزد ہوئے۔
1980ء اور 1990ء کی دہائی میں انہوں نے ایک کے بعد ایک بہترین فلمیں دیں۔ فلم دل لگی سے انہوں نے ہدایتکاری کا آغاز کیا تاہم کچھ عرصہ سے اداکاری کے بجائے سیاست میں مصروف تھے لیکن حال ہی میں ان کی فلم غدر ٹو ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر بالی ووڈ کی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کردیا ہے۔