عثمان خواجہ کی موجودگی میں اردو میں کوئی حکمت عملی نہیں بنائیں گے: حسن علی

image

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کے باعث پاکستانی ٹیم اُن کے سامنے اردو زبان میں کوئی حکمت عملی نہیں بنائے گی۔

ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے  مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں حسن علی نے انکشاف کیا کہ 2022 میں کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں عثمان خواجہ نے مبینہ طور پر پاکستانی ٹیم کے پلان (آن فیلڈ حکمت عملی) اپنی ٹیم سے شیئر کیے کیونکہ وہ اردو سمجھتے ہیں۔

حسن علی کہتے ہیں کہ ’عثمان بھائی اردو سمجھتے ہیں لیکن کراچی میں جب انہوں نے ہمارے پلان آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ لِیک کیے تو ہم اب زیادہ محتاط ہوگئے ہیں۔ ہم اس بات کی یقین دہانی کریں گے کہ ہم اُن کے سامنے اردو میں کوئی پلان نہ کریں اور اپنی حکمت عملی خفیہ رکھیں۔‘

فاسٹ بولر مزید کہتے ہیں کہ ’ہم اُن سے تھوڑا دور جا کر میچ کی حکمت عملی بنائیں گے۔‘

پاکستانی فاسٹ بولر نے آسٹریلوی کنڈیشنز میں ایشین ٹیمز کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کہا کہ ’صرف پاکستان کو ہی نہیں، آسٹریلیا کے ٹورز پر تمام ایشین ٹیم کو 20 وکٹیں حاصل کرنے پر مشکلات آتی ہیں۔ دوسرے ممالک کی نسبت آسٹریلیا میں پچز مختلف ہوتی ہیں۔‘

حسن علی مزید کہتے ہیں کہ ’مجھے امید ہے کہ مداح سٹیو سمتھ، ڈیوڈ وارنر، شاہین آفریدی اور بابر اعظم جیسے شاندار کھلاڑیوں کو دیکھنے آئیں گے اور کرکٹ کو سپورٹ کریں گے۔‘

دوسری جانب پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے شان مسعود کی قیادت میں آسٹریلیا پہنچ گئی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر سے میلبرن اور تیسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں ہوگا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.