پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ بنانے کیلئےقائد اعظم کے ویژن اور رہنما اصولوں کو اپنانے کی ضرورت ہے،راجہ پرویزاشرف

image

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو انکے 147 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت، انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت کبریٰ نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی تاقیامت بابائے قوم کے اس عظیم کارنامے کیلئے انکے احسان مند رہیں گے، بنی نوع انسان کی جدید تاریخ میں چند ہی لوگ ایسے تھے جنہوں نے اتنی وسیع مقبولیت حاصل کی جتنی قائد اعظم نے حاصل کی۔قائد اعظم نے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ سچی لگن اور محنت سے انسان انتہائی مشکل اور کٹھن اہداف بھی حاصل کر سکتا ہے۔

بد قسمتی سے پاکستان کو آج متعدد چیلنجز بالخصوص دہشتگردی اور معاشی زبوں حالی کا سامنا ہے۔قائد کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم جیسے زیریں اصولوں کو اپنا کر ملک کو درپیش مسائل کو بخوبی حل کیا جا سکتا ہے۔سپیکر نے مزید کہا کہ ملکی ترقی کے لیے قائد نے ہمیشہ خواتین ، جوانوں اور اقلیتوں کے کردار کو خصوصی اہمیت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں بڑھتا ہوا مذہبی تعصب اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی نے قائد کے دو قومی نظریے کے مؤقف کو درست ثابت کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی یافتہ اور مضبوط بنانے کیلئے قائد اعظم کے ویژن اور رہنما اصولوں کو اپنانا ہو گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.