مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں جن کی بدولت قومی رشتے اور حب الوطنی کے جذبات مضبوط ہوتے ہیں،کمشنر فیصل آباد

image

فیصل آباد۔ 24 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ مہذب قومیں خوشیوں کے تہوار مل جل کر مناتی ہیں جن کی بدولت قومی رشتے اور حب الوطنی کے جذبات مضبوط ہوتے ہیں۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں میونسپل کارپوریشن کے مسیحی ملازمین اور فادر ایمرک جوزف کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل میں کرسمس کے حوالے سے کرسمس کیک کاٹتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرچیف آفیسر محمد زبیر وٹو،اسسٹنٹ کمشنر جنرل جلیل الرحمن اور دیگر افسران ومسیحی ملازمین بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں سلوت سعید نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بطور پاکستانی قوم ہماری خوشیاں اور ترقی کے مواقع یکساں ہیں یہی وجہ ہے کہ اقلیتوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر پاکستان کی بقاء وسا لمیت،امن وخوشحالی اور قومی یکجہتی کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسیحی ملازمین عوامی خدمت اور اداروں کے استحکام میں مساوی کردار ادا کر رہے ہیں جن کی فلاح وبہبود اور ترقی اولین ترجیح ہے تاکہ قومی ترقی میں ان کا حصہ بھی نمایاں رہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسیحی برادری کے لئے کرسمس کے حوالے سے سستے بازار لگا کر انہیں بنیادی اشیاء عام مارکیٹ سے کم قیمتوں پر فراہم کی گئیں جبکہ کرسمس کے موقع پر ڈویژن بھر کے گرجاگھروں کے باہر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے جامع حفاظتی پلان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پارکس وتفریحی مقامات پر بھی صفائی ستھرائی کے علاوہ بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پرمسیحی سٹاف اور رہنماؤں نے ان کی خوشیوں میں شریک ہونے پرکمشنر سمیت دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی امن وسلامتی کے پیغام کو فروغ دیتے ہوئے پیارومحبت سے زندگیاں بسر اور ملک کی ترقی،خوشحالی اور نیک نامی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.