اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مسیحی کارکنوں کے مذہبی تہوار کی خوشیوں میں شامل ہونے کے سلسلے میں کرسمس کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تمام انبیا کرام نے محبت، برداشت، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے ، آئیے اس دن کی وساطت سے عہد کرتے ہیں کہ جس کام سے ہمیں ہمارا ضمیر منع کرے وہ کام نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خوبصورت معاشرے کے قیام کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا آپ بدلنا ہوگا۔تقریب کے مہمان خصوصی خاتون فاطمہ چرچ اسلام آباد کے فادر عامر یعقوب تھے۔یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس، ایڈیشنل رجسٹرار بی بی یاسمین، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اینڈ فالو اپ ڈاکٹر سید عامر شاہ، ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت یونیورسٹی کے تقریبا120 مسیحی ملازمین شریک تھے۔تقریب میں کرسمس کیک کاٹا گیا، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعائیں بھی مانگی گئیں اور اس موقع پر مسیحی برادری کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا گیا۔ پاسٹرشیراز نے بائبل سے منتخب آیات پڑھیں اور بین المذاہب ہم آہنگی اورملکی سلامتی عالم انسانی معاشرے کی بھلائی پر روشنی ڈالی۔تقریب کا اہتمام ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹر ورکس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ڈاکٹرناصر محمونے مزید کہاکہ ادارے میں تمام ملازمین کو برابر ی کے حقوق حاصل ہیں ،مسیحی کارکنوں کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے دیگر کارکنوں کے ہیں۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے مسیحی کارکنوں کو کرسمس پرمبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ ہمیں دوسروں کو فائدہ پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔