کوئٹہ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں اور بابائے قوم کے زیریں اصولوں کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے زیریں اصول اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پاکستان کو مستحکم ریاست بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، ان اصولوں پر عملدرآمد کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، بابائے قوم کے تصور کے مطابق پاکستان میں رواداری، روشن خیالی اور جمہوریت کو فروغ دے کر ہی ہم ا نہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا حق ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روایتی دشمن نے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں تاہم پوری قوم اتحاد واتفاق کے ذریعہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آبائواجداد نے بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی،انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام زیارت میں گزارے جو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے ان کی انسیت کا مظہر ہے ،نگران وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اورقائداعظم کے تصور کے مطابق مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔