بالی ووڈ کے کامیاب ترین موسیقار اللہ رکھا رحمان عرف اے آر رحمان کا کہنا ہے کہ جوانی میں کئی بار خودکشی کا سوچا لیکن والدہ کی ایک نصیحت نے اُن کی زندگی بدل دی اور آج وہ ایک کامیاب انسان بن چکے ہیں۔
اے آر رحمان کا کہنا ہے کہ جب آپ دوسروں کے لیے جیتے ہیں اور آپ خود غرض نہیں ہوتے، تو آپ کو زندگی کا مطلب معلوم ہوتا ہے، آپ دوسروں کو کھانا کھلا کر، اُن کے لیے چیزیں خرید کر اُن کے چہروں پر مسکراہٹ لاتے ہیں تو آپ کو بھی دل سے خوشی ہوتی ہے۔
اے آر رحمان نے ایک تقریب کے دوران طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب نوجوان تھا تو مجھے خودکشی کے خیالات آتے تھے، مجھے اپنی زندگی بیکار لگتی تھی، کافی بار خودکشی کا بھی سوچا، اسی دوران میری والدہ نے مجھے ایک نصیحت کی جس کی بدولت آج میں ایک کامیاب انسان بنا اور میں نے وہ نصیحت سننے کے بعد کبھی خودکشی کا نہیں سوچا۔
اے آر رحمان نے بتایا کہ میری والدہ نے مجھے کہا تھا کہ جب تم دوسروں کے لیے جینا شروع کروگے، تو تمہیں ایسے منفی خیالات نہیں آئیں گے، یہ سب سے خوبصورت نصیحت تھی جو میری والدہ کی طرف سے مجھے ملی،میں نے اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے دوسروں کے لیے جینا شروع کیا، میں نے اپنے اندر سے خود غرضی ختم کی تو آج میں اس مقام پر پہنچا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہر انسان ہی اپنی زندگی میں مشکل وقت کا تجربہ کرتا ہے، اُس وقت انسان مایوسی کی لپیٹ میں ہوتا ہے اور اُسے یہ لگتا ہے کہ بس اب سب کچھ ختم ہوگیا ہے لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا فانی ہے اور یہ سب عارضی ہے اور جب آپ خود کو دوسروں کیلئے وقف کردیتے ہیں تو زندگی کے معنی بدل جاتے ہیں اور آپ منفی خیالات سے نکل آتے ہیں۔