کامیڈین کپل شرما کا 63 دنوں میں گیارہ کلو وزن کم کرنے کا راز، 21-21-21 کا اصول

image

معروف کامیڈین کپل شرما ان دنوں نیٹ فلکس کے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں اپنی دبلی پتلی شخصیت کے باعث خوب توجہ حاصل کر رہے ہیں۔

انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق کپل شرما کی حالیہ جسمانی تبدیلی نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

مختلف بالی وڈ سٹارز کے ٹرینر رہنے والے فلمی دنیا کے مشہور فٹنس کوچ یوگیش بھاٹیجا نے ایک انٹرویو میں کپل شرما کی وزن کم کرنے کی کامیاب کہانی اور طریقہ کار کی تفصیل بیان کی ہے۔

کپل شرما کی تبدیلی کا راز

یوٹیوب چینل ’گنجن شاؤٹس‘ پر چھ اپریل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یوگیش بھاٹیجا نے بتایا کہ جب لوگ صحت کی طرف توجہ نہیں دیتے تو وہ اس بارے میں سیکھنے کی بھی کوشش نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ’عام انڈین کا ناشتہ مکھن لگی ہوئی ڈبل روٹی، چائے، سموسہ، ڈھوکلا یا پراٹھا ہوتا ہے اور باہر جاتے ہی جو دل کرے کھا لیتے بغیر سوچے سمجھے۔‘

کوچ کے مطابق ’جسمانی تبدیلی تب آتی ہے جب آپ اپنی خوراک، طرزِ زندگی، پانی پینے کے معمولات اور سانس لینے کے طریقوں پر دھیان دینا شروع کرتے ہیں۔ اسی سوچ نے کپل کی تبدیلی کی بنیاد رکھی۔‘

یوگیش نے بتایا کہ ’جب کپل شرما ورزش سے تھکنے لگتے تو انہیں سخت ورزش کے بجائے نرم سٹریچنگ کراتا تھا تاکہ جسم کو حرکت ملے لیکن اس پر دباؤ نہ پڑے۔‘

    

View this post on Instagram           A post shared by Netflix India (@netflix_in)

21-21-21 اصول کیا ہے؟

یوگیش بھاٹیجا نے ایک آسان اور مؤثر اصول بتایا جس کے تحت کپل شرما نے صرف 63 دن میں 11 کلو وزن کم کیا۔ اس اصول کو وہ ’اکیس-اکیس-اکیس‘ کا نام دیتے ہیں۔

اس طریقہ کار میں پہلے اکیس دن صرف جسم کو حرکت دینے پر مرکوز ہوتے ہیں۔ کوچ کے مطابق ’15-20 سال پیچھے جائیں جب سکول میں جسمانی تربیت کی کلاسیں ہوتی تھیں۔ وہی آسان ورزشیں روزانہ کریں۔ اس دوران آپ جلیبیاں بھی کھا سکتے ہیں کوئی پرہیز کی ضرورت نہیں۔‘

اگلے اکیس دن میں کھانے پینے پر دھیان دینا ہوتا ہے۔ یوگیش کا کہنا ہے کہ ’میں یہ نہیں کہتا کہ آپ کاربوہائیڈریٹس یا کیلوریز کم کریں۔ بس اپنی خوراک میں بہتری لائیں تھوڑا بدلیں۔ یہی کافی ہے۔‘

آخری اکیس دن میں غیر صحت بخش عادتوں جیسے تمباکو نوشی، شراب نوشی، اور کیفین پر قابو پانے پر کام کیا جاتا ہے۔ یوگیش کے مطابق ’ان چیزوں پر جذباتی انحصار ختم کریں، کیونکہ یہ جسم کے لیے فائدہ مند نہیں ہیں۔‘

63 دن کے بعد کیا ہوتا ہے؟

یوگیش بھاٹیجا کہتے ہیں کہ ’یہ 63 دن آپ کو بغیر تکلیف کے ایک بہتر طرزِ زندگی کی طرف لے جاتے ہیں۔ کیونکہ آپ نے ایک وقت میں صرف ایک پہلو پر توجہ دی۔ جب آپ 42ویں دن پر پہنچتے ہیں تو آپ اپنے جسم میں مثبت تبدیلی دیکھتے ہیں اور بہتر دکھنے کی خواہش بڑھتی ہے۔‘

وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید بتاتے ہیں کہ ’یہی وہ موقع ہے جب میں چاہتا ہوں کہ لوگ اپنے اندرونی کمزوریوں پر قابو پانا شروع کریں، جیسے بے وقت کھانا، چینی کی زیادتی، یا نشے کی لت۔‘

’63 دن کے بعد آپ کو اپنی جسمانی حالت میں واضح بہتری نظر آئے گی اور پھر آپ کو کسی دوسرے کی حوصلہ افزائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔ یہ طریقہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو صحت مند زندگی کی ابتدا کرنا چاہتے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts