’فلاپ شو‘ کے ذریعے فلم بینوں کی توہین نہ کریں، عدنان صدیقی کی فلم ’فائٹر‘ پر تنقید

image
پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے انڈین فلم ’فائٹر‘ کے ٹریلر پر تنقید کرنے کے کچھ ہفتے بعد ریتک روشن اور دیپیکا پاڈوکون کی فضائی ایکشن سے بھرپور فلم کی باکس آفس کارکردگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

اداکار عدنان صدیقی نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایکشن فلم فائٹر پر تنقید کی، جسے پہلے کئی پاکستانی مشہور فلمی شخصیات نے پاکستان مخالف قرار دیا تھا۔

 ریتک روشن، دیپیکا پاڈوکون اور انیل کپور کی اس فلم کی ہدایات سدھارتھ آنند نے دی ہیں۔

جمعرات کو عدنان صدیقی نےفائٹر کی باکس آفس پر کارکردگی کے حوالے سے  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ فلم نے اپنے ابتدائی ہفتے میں دنیا بھر میں اڑھائی ارب سے زائد کا بزنس کیا، لیکن اپنے انڈیا میں پہلے پیر کو ہی فلم جیسے ہی سینما گھروں کی زینت بنی توباکس آفس پر اس کی آمدن بری طرح متاثر ہوئی۔

’تفریح کو سیاست سے دور رکھیں‘

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے جنوری میں فائٹر کے ٹریلر کی ریلیز کے بعد فلم کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ بالی ووڈ میں پاکستانیوں کو ولن کے طور پر دکھانا ’مایوس کن‘ ہے۔

اب اپنی تازہ ترین ٹویٹ میں انہوں نے فلم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’فلاپ شو کے بعد فائٹر ٹیم کے لیے ایک سبق: اپنے ناظرین کی ذہانت کی توہین نہ کریں۔ وہ ایجنڈوں کو پہچان سکتے ہیں۔ تفریح کو غیرضروری سیاست سے پاک رہنے دیں۔‘

عدنان صدیقی ہندی فلموں کو کچھ عرصے سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

فائٹر کے ٹریلر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عدنان صدیقی، جو آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ 2017 کی ہندی فلم ’موم‘ میں اداکاری کر چکے ہیں، چند ہفتے قبل ٹویٹ کیا تھا کہ ’گزرے وقتوں میں محبت کا علمبردار، بالی وڈ اب نفرت انگیز کہانیاں گھڑتا ہے جن میں ہمیں ولن کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔‘

A lesson to heed for Fighter team after your flop show: Do not insult your audience’s intelligence. They can discern agendas. Let entertainment be free from unnecessary politics.

— Adnan Siddiqui (@adnanactor) January 31, 2024

 ’آپ کی فلموں سے ہمارے لگاؤ کے باوجود یہ مایوس کن امر ہے۔ فن فاصلے ختم کرتا ہے، آئیے اسے محبت اور امن کو فروغ دینے کے لیے استعمال کریں۔ دو قومیں، جو سیاست کا شکار ہیں، بہتر کی مستحق ہیں۔‘

2023 میں عدنان نے سدھارتھ ملہوترا کی فلم ’مشن مجنو‘ دیکھی اور پاکستانیوں کی منفی تصویر کشی پر تنقید کی۔ پاکستانی اداکار نے فلم کو ’ناگوار‘ اور سچائی سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’فلم کی کہانی انتہائی غیر معیاری، تشکیل بد تر اور تحقیق بدترین ہے۔‘ 

اداکار کے مطابق ’مشن مجنو‘ میں بہت کچھ ایسا تھا جو ناگوار اور حقائق کے منافی تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.