’ٹیکسالی گیٹ‘ میں کردار کے ذریعے اپنے اندر کی بھڑاس بھی نکالی، عائشہ عمر

image

فلم ’ٹیکسالی گیٹ‘ کا ٹریلر اور ٹیزر جاری ہوتے ہی شائقین کی جانب سے اسے بے حد رسپانس ملا ہے، فلم خاصی مختلف دکھائی دے رہی ہے جو سنیچر کو سینما گھروں کی زینت بن گئی ہے۔

اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں عائشہ عمر، عمر عالم، عفت عمر، یاسر حسین، نئیر اعجاز و دیگر شامل ہیں۔ فلم کے حوالے سے گزشتہ دنوں عائشہ عمر، یاسر حسین اور عمر عالم  کا ’اردو نیوز‘ نے خصوصی انٹرویو کیا۔

عائشہ عمر نے کہا کہ ’فلم ریلیز کے وقت ہم سب بہت زیادہ ایکسائٹیڈ ہیں۔ یہ فلم روٹین سے ہٹ کر اور حقیقت کے بہت قریب ہے۔ ہم نے ٹیکسالی میں لوگوں کا مائنڈ سیٹ، وہاں کا ماحول حقیقی طور پر دکھایا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے اس کو بہت زیادہ گلمیرائز نہیں کیا۔ یقینا گلیمر فلم کے لیے بہت ضروری ہے تھوڑا بہت گلیمر ایڈ ضرور ہوتا ہے۔ جہاں تک میرے کردار کی بات ہے تو میرے کردار پر ابو علیحہ، میک اپ آرٹسٹ قاسم لیاقت اور میں نے مل کر میرے کردار پر بہت زیادہ کام کیا، میں چاہتی تھی کہ میں اس کردار کو کرتے ہوئے پہلے سے بالکل مختلف لگوں۔ اس فلم کو کرنے میں مجھے بہت مزا آیا مجھے امید ہے کہ دیکھنے والے بھی محظوظ ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’اگر میں یہ کہوں کہ یہ کردار چیلنجنگ تھا تو غلط نہ ہو گا۔ ہم نے اس فلم کے کچھ پورشن رمضان میں شوٹ کیے، کچھ سخت سردی اور بارش میں شوٹ کیے، ہم بیمار بھی ہوئے لیکن جو کہانی کی ضرورت تھی اس کو سب نے مل کر پورا کیا۔ اس کردار کے ذریعے میں نے اپنے اندر کی کچھ بھڑاس بھی نکالی ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’بے شک میں کافی سال سے انڈسٹری میں ہوں کام کر رہی ہوں لیکن جب بھی میرا کوئی پراجیکٹ ریلیز ہو رہا ہوتا ہے تو میں نروس ہوتی ہوں یہ سوچ کر کے کہ لوگ اس کو کس طرح لیں گے پسند کریں گے یا نہیں، لیکن ٹیکسالی گیٹ کے ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد جو رسپانس ملا ہے اس نے مجھے بہت حوصلہ دیا ہے۔‘

اداکار یاسر حسین نے کہا کہ ٹیکسالی گیٹ ایک پاور فل کہانی ہے، اس میں کردار اور پرفارمنسز پاور فل ہیں۔ اس میں افتخار ٹھاکر، بابر علی جیسے منجھے ہوئے فنکار بھی موجود ہیں۔ ’اس فلم کو دیکھ کر آپ کو لگے گا ہی نہیں کہ یہ پاکستان کی فلم ہے ایسا لگے گا کہ یہ فلم کہیں باہر کے ملک میں بنائی گئی ہے حالانکہ یہ خالصتا پاکستانی فلم ہے اور یہیں بنی ہے۔‘

عائشہ عمر نے کہا کہ فلم روٹین سے ہٹ کر اور حقیقت کے بہت قریب ہے۔ (فوٹو: فلم ٹیکسالی)

یاسر حسین کا کہنا تھا کہ ’ٹیکسالی گیٹ ٹیکسالی گیٹ میں ہی شوٹ ہوئی ہے اور یہ علاقہ بہت بڑا ہے، یہاں مختلف طرح کے لوگ رہتے ہیں، ہم نے اس میں بہت سارے حساس نقطوں پر بات کی ہے، جیسا کہ ناانصافی پر آواز اٹھائی ہے، ایسے لوگوں کی بات کی ہے جو اثر و رسوخ نہیں رکھتے۔‘

ایک سوال کے جواب میں یاسر حسین نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ روٹین سے ہٹ کر کردار کروں اور اگر کردار چیلنجنگ نہ ہو تو میں کرتا ہی نہیں، جب یہ کردار میرے پاس آیا تو کہانی سن کر میں نے فورا ہاں کر دی اور ہم سب نے اس میں بہت ہی دل سے کام کیا ہے۔ ٹیکسالی گیٹ ایک کرائم تھرلر ہے۔ ابوعلیحہ نے اسے بہت اچھے سے لکھا ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت جو پاکستان میں فلمیں بن رہی ہیں وہ شاید پیرالل سینما میں تو فٹ بیٹھتی ہیں لیکن ابھی وہ بننا چاہیے جس کی سینما کو ضرورت ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ فلمیں اس لیے بھی نہیں چل رہیں کیونکہ جن فنکاروں کو ٹی وی پر سارا سال لوگ دیکھتے ہیں وہی اگر سینما میں بھی ہوں گے تو یقینا لوگوں کو انہیں وہاں جا کر دیکھنے میں دلچپسی نہیں ہو گی۔ 

فلم کی مرکزی کاسٹ میں عائشہ عمر، عمر عالم، عفت عمر، یاسر حسین اور نئیر اعجاز شامل ہیں۔ (فوٹو: فیس بک)

اداکارعمر عالم نے کہا کہ ’ٹیکسالی گیٹ ایک بہترین کہانی ہے ایسی کہانی ہے جو بہت سارے سوال اٹھاتی ہے، مجھے جب کردار آفر ہوا اور ڈائریکٹر ابو علیحہ نے بتایا کہ ان کو یہ کردار کس طرح سے کروانا ہے تو میں نے محسوس کیا کہ اس کردار میں اداکاری کرنے کی بہت گنجائش ہے۔‘

’اس کردار کو جب میں نے مکمل طور پڑھا تو میرے ذہن میں کچھ آئیڈیاز بھی آئے۔ میں نے ابو علیحہ کے ساتھ شیئر کیا تو انہوں نے مجھے کچھ چیزیں کرنے کی اجازت دی۔‘

عمر عالم نے مزید کہا کہ اس فلم میں بہت سارے ایسے فنکار ہیں جو ایکٹنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مانے جاتے ہیں۔ ’ان کے ساتھ سکرین شئیر کرنا یقینا میرے لئے قابل فخر ہے ان سب نے میری بہت مدد کی ان کے ساتھ کام کرکے میں نے بہت کچھ سیکھا۔‘

عمر عالم کے مطابق یہ فلم ایسی فلم ہے جس کو ہر طرح کی چوائس رکھنے والا انسان پسند کرے گا۔ اس کی اچھی بات یہ ہے کہ اس میں باہر کا فلیور نظر نہیں آئے گا بلکہ یہ مکمل طور پر پاکستان کی اور پاکستانی کہانی لگے گی۔ ’ہمیں بہت امید ہے کہ ٹیکسالی گیٹ کو بہت پسند کیا جائے گا۔ جیسا ٹیزر اور ٹریلر ہے ویسی ہی دلچپسپ کہانی بھی ہے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.