اداکارہ نیہا شرما لوک سبھا کے الیکشن میں حصہ لے سکتی ہیں؟ کانگریس رہنما کا عندیہ

image

انڈیا کی کانگریس پارٹی کے رہنما اجے شرما نے اشارہ دیا ہے کہ ان کی بیٹی اداکارہ نیہا شرما لوک سبھا کے الیکشن میں حصہ لے سکتی ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ریاست بہار علاقے بھاگلپور کے ایم ایل اے اجے شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اگر کانگریس پارٹی اپنے اتحادیوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم میں بھاگلپور کی سیٹ حاصل کرتی ہے تو وہ اپنی بیٹی کو امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کانگریس کو بھاگلپور کی نشست حاصل کرنی چاہیے، ہم لڑیں گے اور سیٹ جیتیں گے۔ اگر کانگریس کو بھاگلپور ملتا ہے تو میں چاہوں گا کہ میری بیٹی نیہا شرما الیکشن لڑیں، کیونکہ میں پہلے سے ہی ایم ایل اے ہوں، لیکن اگر پارٹی چاہتی ہے کہ میں لڑوں، تو میں ایسا کروں گا۔‘

اداکارہ نیہا شرما نے فلم ’کروک‘ میں اداکار عمران ہاشمی کے مدمقابل ڈیبیو کیا اور اس کے بعد ’تنہاجی‘، ’دی اَن سنگ واریر‘، ’یملا پگلا دیوانہ 2‘، ’تم بن 2‘ اور ’مبارکاں‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔

وہ اپنے سفری مواد یا ویڈیوز کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہیں اور انسٹاگرام پر 21 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں۔

اجے شرما نے یہ بھی کہا کہ انڈیا کی اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ان انتخابات میں بہار سے بی جے پی کا ’صفایا‘ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہار سے حکومتی اتحاد این ڈی اے کا صفایا کر دیں گے۔ بہار اس بار نریندر مودی کو اقتدار سے ہٹانے کی ذمہ داری لے گا۔

ریاست بہار میں اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کے بلاک کی سیٹ شیئرنگ کی بات چیت اس وقت متاثر ہوئی جب وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جنوری میں کانگریس سے تعلقات ختم کر کے حکمران جماعت بی جے پی سے ہاتھ ملایا۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجشوی یادو نے اگرچہ کہا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کی بات چیت تقریباً ختم ہو چکی ہے، اور اگلے ہفتے ایک سرکاری اعلان سامنے آ سکتا ہے۔

یادو نے کہا کہ ’ہر چیز کا فیصلہ دو یا تین دن میں ہو جائے گا۔ یہ آخری مراحل میں ہے۔ ایک یا دو نشستوں پر کچھ مسائل ہیں، لیکن سب کچھ حل ہو جائے گا۔‘

لوک سبھا انتخابات 19 اپریل سے یکم جون تک سات مرحلوں میں ہوں گے۔ اس دوران چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات بھی ہوں گے۔ 

ادھر بی جے پی نے اتوار کو لوک سبھا انتخابات 2024 کے لیے 111 امیدواروں کی 5ویں فہرست شائع کی جس میں منڈی سے بالی وڈ اداکار کنگنا رناوت اور میرٹھ سے ارون گوول شامل ہیں۔

کنگنا رناوت جو اکثر خود کو وزیراعظم نریندر مودی کا پرستار کہتی ہیں، کا سیاست میں ڈیبیو ہوگا۔

 ورون گاندھی کو اتر پردیش میں بی جے پی کی امیدواروں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے جبکہ ان کی والدہ مینکا گاندھی کو سلطان پور کے حلقے سے امیدوار برقرار رکھا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.