بین سٹوکس کا ٹی20 ورلڈ کپ 2024 سے دستبردار ہونے کا اعلان

image

انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق بین سٹوکس نے جون میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے اور مینیجمنٹ کو بتایا ہے کہ وہ کیریبین میں ہونے والے اس میگا ایونٹ کے لیے ٹیم کا حصہ نہیں بننا چاہتے ہیں۔

بین سٹوکس نے 2022 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف میلبرن کے تاریخی ایم سی جی سٹیڈیم میں ففٹی بناتے ہوئے وننگ رنز سکور کیے تھے تاہم اس کے بعد سٹوکس نے ابھی تک صرف دو ٹی20 میچز کھیلے ہیں۔

بین سٹوکس نے آخری مرتبہ ٹی20 میچ گزشتہ برس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلا تھا۔

اس سے قبل بین سٹوکس نے 2022 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا تاہم اگلے برس یعنی 2023 میں انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تاہم ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے باعث اُن کے گھٹنے کی سرجری میں تاخیر ہوئی۔

رواں برس دورہ انڈیا میں کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچوں کے دوران بین سٹوکس صرف پانچ اوورز ہی بولنگ کروا پائے۔

آئی پی ایل کے جاری 17ویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کے بعد سٹوکس کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں درہم کی ٹیم کی کچھ میچوں میں نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔

انگلیںڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں سٹوکس نے کہا کہ ’میں محنت کر رہا ہوں اور اپنی بولنگ کی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں تاکہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں آل راؤنڈر کا کردار نبھا سکوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آئی پی ایل اور ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے سے میں مستقبل میں ایسا آل راؤنڈر بن سکوں گا جیسے میں بننا چاہتا ہوں۔‘

یہاں خیال رہے کہ بین سٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ جوز بٹلر انگلیںڈ کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیموں کے کپتان ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.