وزیراعظم محمد شہباز شریف سے دبئی میں کام کرنے والی آئی ٹی کمپنیوں کے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے پروفیشنلز کی ملاقات

image

ابوظہبی۔23مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے دبئی میں کام کرنے والی آئی ٹی کمپنیوں کے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے پروفیشنلز نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات، پاکستان ٹیکنالوجی تعاون کے موضوع پر رائونڈ ٹیبل سیشن میں شرکت کی۔

اس تقریب کا انعقاد پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون اور ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ کی معاونت سے کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں یو اے ای میں قائم آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہان اور نمائندوں کے علاوہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ اور وزیراعظم کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ اور باہمی احترام پر محیط تعلقات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مضبوط ادارہ جاتی اور عوامی سطح کے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملک جدت اور خوشحالی کیلئے یکساں عزم کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی آئی ٹی کمپنیوں اور پروفیشنلز کو آئی ٹی اور ٹیلی کام کے شعبہ میں تعاون بڑھانے کیلئے مزید مواقع تلاش کرنے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے پاکستانی آئی ٹی انٹرپرائزز اور متحدہ عرب امارات کی کمپنیوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہ رائونڈ ٹیبل دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبہ میں مزید تعاون کیلئے ایک منفرد سیشن تھا۔ اس سیشن کا بنیادی مقصد متحدہ عرب امارات کی آئی ٹی کمپنیوں کو پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مضبوط تعلقات، ان کی کامیاب کہانیوں کے اعتراف اور دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مستحکم بنانے اور مستقبل کی شراکت داری کیلئے ایک جگہ جمع کرنا تھا۔

وزیراعظم نے شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا اور مختلف تجاویز اور سوالات کے جواب دیئے۔ انہوں نے ملک کی ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ان کی حکومت کے عزم سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم کی موجودگی میں پاکستانی اور متحدہ عرب امارات کی آئی ٹی کمپنیوں میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر عملدرآمد کے حوالہ سے تین مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر اماراتی کمپنیوں میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.