اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے جاپانی کمپنی سوزوکی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں گلوبل وائس پریذیڈنٹ، ایشیا ہیڈ، سی ای او اور ایم ڈی سوزوکی پاکستان شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے وہ وقت یاد ہے جب دنیا میں سب سے زیادہ سٹیل ملز جاپان میں ہوا کرتی تھیں، جاپان سے بہتر کوئی نہیں جانتا کہ عالمی سطح پر مسابقتی برآمدات کو کیسے فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں60، 80 ملین لوگوں کا متوسط طبقہ ہے جن کی قوت خرید بہت سے یورپی ممالک سے زیادہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام اسی وقت آسکتا ہے جب برآمدات پر توجہ دی جائے، پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری ملکی برآمدات بڑھانے کے لئے روڈ میپ تیار کرے۔جاپانی کمپنی سوزوکی کے وفد نے کہا کہ ہم پاکستانی مارکیٹ کی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں، ہم پاکستان میں ترقی کے مواقع کو مسلسل تلاش کر رہے ہیں۔سوزوکی کے وفد نے پاکستان میں اپنے ایندھن کی پیداواری یونٹ کے لئے حکومت سے تعاون طلب کیا۔سوزوکی پاکستان کے نئے پلانٹ کے ذریعے گرین انرجی کو فروغ ملے گا۔