بوسنیا و ہرزیگوینا میں بینک کھولنے سمیت مقامی کرنسیوں میں تجارت اور بارٹر ٹریڈ کو فروغ دیا جا سکتا ہے، صدر آصف علی زرداری

image

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے بوسنیا و ہرزیگوینا کے ساتھ کاروباری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں بینک کھولنے سمیت مقامی کرنسیوں میں تجارت اور بارٹر ٹریڈ کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوسنیا وہرزیگووینا کے سفیر امین کوہوڈاریوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بوسنیا وہرزیگوینا کے ساتھ پاکستان کے تقریباً تین دہائیوں پر محیط تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کے لئے دو طرفہ روابط اور بات چیت جاری رکھنی چاہئے۔ سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ معیشت، سلامتی اور ثقافت کے شعبوں میں گہرے تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بوسنیا و ہرزیگووینا کی مختلف صنعتوں بشمول خوراک، سیاحت اور ٹیکسٹائل میں پاکستانی کاروبار کے لئے اقتصادی تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے 1990 کی دہائی کی جنگ کے دوران بوسنیا و ہرزیگووینا کی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سریبرینیکا کے بارے میں بوسنیا و ہرزیگوینا کی قرارداد کے مسودے کے لئے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان بوسنیا کی درخواست کا احسن طریقے سے جائزہ لے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 1995 کے سانحہ سریبرینیکا کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑا ہے۔ سفیر نے صدر کو بوسنیا وہرزیگوینا کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.