سوات، بگ ہارٹ فاؤنڈیشن 10 ماہ میں 2022 کے سیلاب سے تباہ شدہ کمیونٹی بیسڈ انفراسٹرکچر سکیموں کی بحالی کرے گا

image

پشاور۔ 17 مئی (اے پی پی):سرحد رورل سپورٹ پروگرام (ایس آر ایس پی)متحدہ عرب امارات کی بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ضلع سوات میں 10 مہینوں کے اندر 2022 کے سیلاب سے تباہ شدہ کمیونٹی بیسڈ انفراسٹرکچر منصوبوں کو بحال کرے گا ۔

فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فاؤنڈیشن 2022 کے سیلاب کے بعد ضلع سوات خیبر پختونخوا میں ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں سرحد رورل سپورٹ پروگرام اور مقامی برادریوں کو مدد و تعاون فراہم کرےگی۔بگ ہارٹ فاؤنڈیشن ان چند بین الاقوامی فنڈنگ ​​فاؤنڈیشنز میں سے ایک ہے جو پاکستان میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ غریب اور پسماندہ کمیونٹیز کو فراخدلانہ مدد فراہم کرتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی امداد کے عنوان سے یہ منصوبہ ضلع سوات میں نافذ کیا گیا ہے جو صوبہ خیبر پختونخوا کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سے ایک ہے۔ سرحد رورل سپورٹ پروگرام اس منصوبے کا نفاذ کرنے والا پارٹنر ہے۔

یہ منصوبہ 2022 کے سیلاب سے تباہ شدہ کمیونٹی بیسڈ انفراسٹرکچر سکیموں کی بحالی کرے گا۔ان سکیموں میں پینے کا پانی، لنک سڑکیں، متعلقہ پل، حفاظتی ڈھانچے، صفائی ستھرائی اور آبپاشی کے ذرائع شامل ہوسکتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 10 کمیونٹی پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی سکیموں کی بحالی کی جائے گی جس سے تقریباً 1,500 گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا جن سے 11,250 متاثرہ افراد کی کل کوریج ہوگی۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے کمیونٹی کی اقتصادی قوت میں بھی اضافہ کرے گا۔سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی سوشل موبلائزیشن حکمت عملی اور کمیونٹی پر مبنی نقطہ نظر کے ذریعے مقامی کمیونٹی کے ارکان اس منصوبے کے نفاذ میں شامل ہوں گے۔

منصوبے کی مدت 10 ماہ جنوری تا اکتوبر 2024 ہے جبکہ منصوبے کی کل تخمینہ لاگت 150,000 ڈالر ہے۔سرحد رورل سپورٹ پروگرام، بگ ہارٹ فاؤنڈیشن اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان یہ تعاون ضلع سوات میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے معیار زندگی کو بحال اور بہتر کرنے کےلیے ایک قابل ذکر منصوبہ ہو گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.