ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے، آفتاب رانا

image

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا نے کہا ہے کہ ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری آئی ہے، پی ٹی ڈی سی، صوبائی سیاحتی محکموں، نجی شعبے کے شراکت داروں، سیاحت کے تعلیمی اداروں، عالمی بینک جیسے ترقیاتی شراکت داروں کی مشترکہ کاوشوں نے گزشتہ تین سالوں کے دوران سیاحت کے شعبےکو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی فورم نے اپنی رپورٹ میں ٹریول اینڈ ٹورزم کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کو 101 ویں نمبر پر رکھا ہے، 2019ء کے مقابلہ میں پاکستان کی درجہ بندی میں 20 درجہ کی بہتری آئی ہے،3.41 سکور کے ساتھ 2019 کے مقابلے میں 3.6 فیصد بہتری اور 2019 کی درجہ بندی میں 14 فیصد بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے سیاحتی ادارے (یو این ڈبلیو ٹی او) نے بھی سیاحت میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا ہے اور 2023 میں وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر 92 فیصد کی قابل ذکر بحالی کی نشاندہی کی ہے۔ ملک میں گزشتہ سال کے مقابلے میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں 115 فیصد اضافہ ہوا ہے ،

کوویڈ 19 کے بعد پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری سے ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوششوں کی عکاسی ہو رہی ہے، اس سلسلہ میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر اداروں کا کردار قابل تعریف ہے۔ آفتاب رانا نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی نے گزشتہ سال کے دوران ورلڈ ٹریول مارٹ لندن، آئی ٹی بی برلن، نیویارک ٹریول اینڈ ایڈونچر شو، عربین ٹریول مارٹ دبئی، سیول ٹریول مارٹ کوریا اور ویتنام میں ٹریول مارٹ جیسے چھ بڑے عالمی سیاحتی ایونٹس میں فعال طور پر حصہ لیا ہے۔

عالمی اور قومی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لئے سلام پاکستان کے عنوان سے سیاحت کے فروغ کی خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی ٹریول اینڈ ٹورازم انڈیکس پر پاکستان کی پیشرفت کو مزید بہتر بنانے کے لئے مزید کھلی ویزا پالیسی اپنانے، زائرین کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے، پاکستان کا باقی دنیا کے ساتھ فضائی رابطہ بڑھانے، معیاری سیاحتی بنیادی ڈھانچے پر سرمایہ کاری، سیاحت میں آئی سی ٹی کو اپنانے اور اپنے انسانی وسائل کی مہارتوں کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.