پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ تجارت کو 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا ہے، ترک سفیر

image

کراچی۔ 23 مئی (اے پی پی):پاکستان میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی اگلے تین سالوں میں سالانہ دوطرفہ تجارت کو موجودہ 1 بلین ڈالر سے بڑھا کر 5 بلین ڈالر کرنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی دستیاب تجارتی مواقع کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں کراچی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوٸے کہی۔انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف کی قیادت کے مشترکہ وژن سے ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوط بنیاد رکھی ہے اور ہم تجارت، تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے ترک قوم کے تاریخی پس منظر پر بھی روشنی ڈالی اور پاکستان اور ترکی کے تعلیمی اداروں کے ذریعے اس کا مزید مطالعہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سرزمین “ایشیا” کے مسلمانوں کی تحریک خلافت کے ذریعے استنبول میں اس وقت کے خلیفہ کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔پاکستان اور ترکی کے سیاسی تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی رشتہ تقریباً 77 سال پرانا ہے جو 1947 میں قیام پاکستان سے شروع ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مختلف بین الاقوامی فورمز پر متعدد مسائل پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے پاکستان کے موقف سے بھی اتفاق کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 80 رکنی ٹیم نے ترکی میں 2023 کے زلزلے کے وقت ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لیا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان عزم اور تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترکی میں زلزلے کے وقت پاکستانی عوام نے بھی متاثرین کے لٸے چندہ اکٹھا کیا تھا اور امدادی سامان کو بھیجاتھا۔قبل ازیں اپنے خطاب میں کے پی سی کے صدر سعید سربازی نے دونوں مسلم ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈاکٹر مہمت پاچا جی کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر پاکستان میں ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی اور کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل کیمل سانگو کوکراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے سندھی ٹوپی اور اجرک کے روایتی تحائف پیش کیے۔قبل ازیں انہوں نے کراچی پریس کلب کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں انہیں کلب کے اراکین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.