’سر پر چوٹیں اور ریڑھ کی ہڈی متاثر‘، ایئر ٹربیولنس کا شکار پرواز کے مسافر کس حال میں ہیں؟

image
لندن سے اڑان بھرنے کے بعد توازن کھو کر ایئر ٹربیولنس کا شکار ہونے والے جہاز کے مسافر ابھی تک اس خوفناک حادثے سے نکل نہیں سکے اور مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے کچھ  انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل ہیں۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق جہاز میں سفر کرنے والی ایک خاتون کو ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹ آئی ہے جبکہ دیگر کو سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

منگل کو لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سے روانہ ہونے والی فلائٹ ایس کیو 321 جب میانمارکی فضائی حدود سے گزر رہی تھی تو شدید جھٹکے لگنا شروع ہوئے، جہاز اچانک نیچے گیا اور جن لوگوں نے سیٹ بیلٹس نہیں باندھی تھیں وہ چھت سے جا ٹکرائے۔

جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے بنکاک میں اتارنا پڑا تھا۔

ایئر ٹربیولنس کے نتیجے میں ایک 73 سالہ شخص ہلاک بھی ہوا تھا۔

جہاز پر 211 مسافر اور عملے کے 18 ارکان سوار تھے، جن میں سے 104 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے کچھ کو معمولی چوٹیں آئیں اور چیک اپ کے بعد انہیں سفر کی اجازت دے دی گئی۔

تاہم 79 زخمیوں کو بنکاک میں ہی رکنا پڑا تھا جن میں سے زیادہ تر اب بھی ہسپتال میں ہیں اور ان میں سے 41 بنکاک کے ہسپتال میں داخل ہیں۔

آسٹریلیا کے شعبہ خارجہ امور کی جانب سے جمعرات کو بتایا گیا تھا کہ پرواز پر 50 آسٹریلوی مسافر سوار تھے اور ان میں سے 12 شہری اور ایک مستقل رہائشی ہسپتال میں داخل ہیں جبکہ تین کو انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے مسافر کیتھ ڈیوس اپنی بیوی کے ساتھ اسی جہاز میں سفر کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی کو ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹ لگی ہے اور وہ جوڑا ابھی تک بنکاک کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

لندن سے جانے والی سنگاپور ایئر لائن کی فلائٹ شدید ٹربیولنس کا شکار ہوئی۔ فوٹو: روئٹرزکیتھ ڈیوس نے ہسپتال کے بیڈ سے ایک ٹی وی چینل سے بات کی تو ان کے چہرے پر زخموں کے نشان دیکھے جا سکتے تھے اور سر پر پٹی بندھی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی ہے اور نیچے کا حصہ بے جان ہو گیا ہے۔

’وہ بہت خوفناک تھا۔ ہمیں اس کی امید قطعی نہیں تھی، ہم نے برطانیہ میں شاندار چھٹیاں گزاریں اور گھر سے زیادہ دور بھی نہیں تھے کہ یہ سب کچھ ہو گیا۔ ایسا بھی ہوتا ہے جس کی امید ہی نہیں ہوتی۔‘

انہوں نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی بیوی کی طبعیت بہتر ہو جائے اور وہ سفر کے قابل ہو سکیں تو تب ہی آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔

واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سنگاپور ایئرلائن نے اپنی پوسٹ میں ایک مسافر کی ہلاکت اور دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی اور ہلاک ہونے والے مسافر کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.