’یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاداب خان کی سب سے بُری بولنگ پرفارمنس تھی‘

انگلینڈ نے برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی ہے۔انگلش کپتان جوس بٹلر نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 84 رنز بنائے۔ تاہم پاکستانی کپتان بابر اعظم نے شاداب کا دفاع کیا ہے۔
پاکستان، انگلینڈ، شاداب خان
Reuters
شاداب خان نے چار اوورز میں 55 رنز دیے

انگلینڈ نے برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی ہے۔

سنیچر کو کھیلے گئے میں میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس کے بولرز انگلش بلے بازوں کے رنز کے آگے بندھ نہیں باندھ سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوس بٹلر نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 84 رنز بنائے اور پاکستان کے لیے 184 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے انتہائی نپی تُلی بولنگ کی اور چار اوورز میں صرف 19 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے تین، جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی طرف سے شاداب خان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، جنھوں نے چار اوورز میں 55 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

پاکستانی بلے باز 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئے۔ فخر زمان اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی بیٹر 30 کے ہندسے میں داخل نہیں ہو سکا۔

فخر زمان نے 21 گیندوں پر 45، بابر اعظم نے 26 گیندوں پر 45، افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 23 اور عماد وسیم نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔

میچ کے بعد بات کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کے بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن ان کے بلے باز میچ کو ’فنش نہ کرسکے۔‘

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے عماد وسیم کی بولنگ اور بیٹنگ کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ایک تجربہ کار بولر ہیں اور بلے بازوں کر پڑھنا جانتے ہیں۔

شاداب خان کے کیریئر کا مہنگا ترین سپیل اور صائم ایوب سے خائف شائقین

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شاداب خان نے اپنے محدود اوورز کے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کا مہنگا ترین سپیل کروایا اور سوشل میڈیا پر صارفین کی تنقید کا نشانہ بھی بنے۔

اس سے قبل انھوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں پشاور زلمی کے خلاف بھی 55 رنز دیے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متعدد صارفین ٹیم سلیکشن پر بھی سوال اُٹھاتے ہوئے نظر آئے۔

انگلینڈ کے خلاف سیزیز کے لیے ابراب احمد بھی پاکستان کا حصہ ہیں اور لوگ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ شاداب خان کو ابرار احمد پر قوقیت کیوں دی گئی۔

کچھ صافین ایسے بھی تھے جو شاداب کی کارکردگی سے خوش تو نہیں تھے۔ لیکن انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی سپنر ’اپنی پُرانی فارم میں واپس آجائیں گے۔‘

تاہم میچ کے بعد گفتگو کے دوران کپتان بابر اعظم نے شاداب خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آج بُرا دن تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ شاداب خان پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جو نہ کہ صرف ایک اچھے بولر ہیں بلکہ بیٹنگ اور فیلڈر بھی اچھی کرتے ہیں۔

شاداب خان کے علاوہ صائم ایوب وہ پاکستانی کھلاڑی ہیں جن کا سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ ذکر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان، انگلینڈ، شاداب خان
Reuters
صائم ایوب نے سات گیندوں پر صرف دو رنز بنائے

آج کے میچ میں صائم ایوب سات گیندوں پر صرف دو رنز بنا سکے۔ کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے سوشل میڈیا صارف ڈینییل الیگزینڈر نے پاکستان ٹیم کو مشورہ دیا کہ ٹی 20 میچوں میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو اوپننگ کرنی چاہیے۔

’صائم ایوب ابھی انٹرنیشل کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘

ایک سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ صائم ایوب کو اپنا گیم بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو ان پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

پاکستان اس سیریز کا تیسرا میچ کارڈف میں 28 مئی کو کھیلے گا۔ انگلینڈ کو اس سیریز میں پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے میچ لیڈز میں بارش کے باعث بنا کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.