لاہور۔29مئی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام 27 واں دس روزہ الحمرا کلاسیکل تھیٹر فیسٹیول جاری ہے ۔ترجمان کے مطابق فیسٹیول میں پیش کئے جانے والے تھیٹر ڈرامے سماجی ضرورت کے موضوعات سے ہم آہنگ ہیں۔فیسٹیول دیکھنے والے ڈرامے کے کردار کے ذریعے زندگی کی سچائیوں اور حقیقتوں کو خود پر منکشف ہوتا محسوس کرتے ہیں۔
سربراہ الحمرا سارہ رشید نے اس حوالے سے اپنے تاثرات میں کہا کہ فنکار،ادیب،دانشور،تخلیق کار اعلی معاشرتی اخلاقی اقدار کو جنم دیتے ہیں،علم وادب و فنون لطیفہ ہماری شناخت،پہچان اور تشخص کی علامات ہیں۔فیسٹیول کے دوسرے روز شاہد پاشا کا لکھا ہوا ڈرامہ ہوا کچھ یوں نورتن تھیٹر گروپ نے پیش کیا۔ ڈرامہ کا مرکزی خیال والدین کی فرمانبرداری کی رغبت سے پیہم تھا۔والدین کی بات کو اولیت دینا چاہیے،جسے نہ ماننے کی صورت میں ناشگوار نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔عوام کی بڑی تعداد الحمرا تھیٹر فیسٹیول دیکھنے الحمرا کا رخ کر رہی ہے۔