کراچی۔ 29 مئی (اے پی پی):جوجٹسو ایشین یونین اور جوجٹسو فیڈریشن (پی جے جے ایف)نے پاکستان میں جوجٹسو سپورٹ اور سپورٹس ایجوکیشن کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کردئیے۔ بدھ کو یہاں موصولہ تفصیلات کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب ابوظہبی میں منعقد ہوئی جس میں جوجٹسو ایشین یونین (جیجیاییو)کے صدرعبدالمنعم الہاشمی، سیکرٹری جنرل جے جے اے یو فہد الشمسی اور دیگر کھیلوں کے رہنما موجود تھے۔
صدر جوجٹسو ایشیا یونین سید منیم الہاشمی نے یقین دلایا کہ جے جے اے یو جوجٹسو سپورٹ اور سپورٹس کی تعلیم کو فروغ دینے اور ترقی کے ساتھ ساتھ جوجٹسو، ٹیکنیکل عملے کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔جوجٹسو ایشیا یونین کے سیکرٹری جنرل فہد الشمسی نے کہا کہ ابوظہبی جوجٹسو سپورٹ کے مقابلوں کا مرکز بن گیا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ان کی یونین نے کھیل کو بہتر بنانے کے لئے مختلف ایشیائی ممالک اور خاص طور پر پاکستان کے ساتھ کام کیا ہے۔معاہدے کے تحت جوجٹسو ایشیا یونین پاکستان میں جوجٹسو کھیلوں کی ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچہ فراہم کر کے کوچز کے ساتھ ساتھ ریفریز کو ان کی مہارتوں میں اضافے کے لیے مدد فراہم کرے گی۔پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل طارق علی نے کہا کہ جوجٹسو ایشیا یونین کے ساتھ معاہدہ بہت اہم ہے اور اس سے پاکستان میں جوجٹسو کے کھیل کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔اس معاہدے کی روشنی میں جوجٹسو کھیل کی ترقی اور خاص طور پر پی جے جے ایف کے ہر نوجوان ممبر کی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے پورے پاکستان میں بہتری آئے گی۔انہوں نے اپنی نوعیت کے پہلے ایم او یو پر دستخط کرنے پر ایشیا یونین کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان میں کھیلوں کے حلقوں نے بھی اس معاہدے کو سراہا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اس طرح کے دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔