پیرس۔31مئی (اے پی پی):سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ون ، میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ ،جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈرزویروف اور روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے فرنچ اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ فرانس کے ٹینس سٹار گیل مونفلس،اٹلی کے فابیو فوگنینی ،بیلجیم کے ڈیوڈ گوفن اور روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف دوسرے رائونڈ میں ہارکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہو چکا ہے، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں سربیا کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہسپانوی حریف ٹینس کھلاڑی رابرٹو کاربیلی کا بینا کوسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 1-6 اور 2-6 سے شکست دی۔تیسرے رائونڈ میں نوویک جوکووچ کا مقابلہ اٹلی کے لورینزو موسیٹی سے ہوگا۔جرمنی کے ٹینس سٹار الیگزینڈرزویروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلجیئم کے ٹینس کھلاڑی ڈیوڈ گوفن کو 6-7(4-7)،2-6 اور 2-6 سے شکست دے کر نہ صرف میگا ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ تیسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا، جہاں ان کا مقابلہ نیدرلینڈز کے ٹیلون گریکسپور سے ہوگا۔ ایک اور میچ میں روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی ۔ انہوں نے سربین حریف کھلاڑی میومیر کو پہلے سیٹ میں 1-6 سے شکست دی دوسرے سیٹ میں 0-5 کی برتری تھی کہ حریف کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور روسی کھلاڑی نے با آسانی تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔