بورڈ آف انویسٹمنٹ نئے کاروبار کیلئے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنائے، پاکستان بزنس پورٹل کے خدوخال واضح کریں، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت ایز آف ڈوئنگ بزنس پر خصوصی اجلاس

image

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ نئے کاربار کے لئے رجسٹریشن کے عمل کو آسان کرے، اسی طرح پاکستان بزنس پورٹل کے خدوخال واضح کریں جس پر جلد وزیراعظم کو پریزینٹیشن دی جائے گی۔

ایز آف ڈوئنگ بزنس پر خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ایف بی آر اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن سے ون ونڈو پر آن لائن سہولتیں یقینی بنائی جائیں تاکہ نئے کاربار کے آغاز کے لئے رجسٹریشن سمیت تمام متعلقہ محکمے ایک ہی مرکز پر سہولتیں فراہم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ سرمایہ کاری میں حائل غیر ضروری قواعد و ضوابط ختم ہوں تاکہ سرمایہ کاری کو تیز کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو پاکستان بزنس پورٹل کے لئے دیگر ممالک سمیت اہم ماڈلز کو پیش نظر رکھنے کی ہدایت کی اور روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر موجودہ تقاضوں کے مطابق پالیسی فریم ورک تشکیل دینے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو غیر ضروری کارروائیوں میں نہیں الجھایا جانا چاہیے اور”ایز آف ڈوئنگ بزنس” کے ماڈل کا بھی یہی مقصد ہے کہ ایف بی آر، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن اور دیگر محکمے سرمایہ لگانے والوں سے عملی طور پر تعاون کریں کیونکہ سرمایہ کاری سے نہ صرف زر مبادلہ اور برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں بھی بڑے پیمانے پر مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر کامر س جام کمال خان نے بھی “ایز آف ڈوئنگ بزنس” کے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان کو ایز آف ڈوئنگ بزنس کے مختلف پہلوئوں پر بریفنگ دی اور بالخصوص پاکستان بزنس پورٹل، ون ونڈو اور آن لائن سہولیات کے حوالے سے اب تک کے ہوم ورک سے آگاہ کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.