اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پنجاب نے پہلی پی این ایس سی بین الصوبائی خواتین سافٹ بال چیمپئن شپ جیت لی،فاتح ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں بلوچستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تیسری اننگز میں 14-13 سے شکست دی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے صدر آصف عظیم اور چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی بھی موجود تھے نے جیتنے والے اور رنرز کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کئے۔
اختتامی تقریب میں چیئرپرسن سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان یاسمین حیدر، چیف فنانس آفیسر پی این ایس سی سید جرار حیدر کاظمی، نائب صدر تہمینہ آصف، جی ایم کمبیکس اسپورٹس زبیر ماچا، ڈائریکٹر مارکیٹنگ پامولیو فاطمہ صدیقی، اسسٹنٹ منیجر ایڈمن پی این ایس سی عائشہ لینا، منیجر سپورٹس (کے پی ٹی ایم) مہر محمد صدیقی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریاض، سید وسیم ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اختتامی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سافٹ بال کے کھیل سے بہت متاثر ہوئے، ایونٹ میں کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سافٹ بال مقابلوں میں شرکت کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ پاکستان سافٹ بال فیڈریشن کے صدر آصف عظیم نے ایونٹ میں تعاون کرنے پر سپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔چیئرپرسن یاسمین حیدر نے چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعریف کی۔اس سے قبل فائنل میں پنجاب نے بلوچستان کو تیسری اننگز میں 14-13 سے شکست دی۔ پنجاب کی جانب سے ارم اور حورینا نے تین تین، فضا، کرن اور مہک نے دو دو جبکہ نور اور فہمیدہ نے ایک ایک رن بنایا۔بلوچستان کی جانب سے نایاب نے تین، ندا، مبشرہ اور فرزانہ نے دو دو جبکہ زہرہ، کاکا، نرگس اور سمیعہ نے ایک ایک رن بنایا۔ختتامی تقریب میں سندھ کو فیئر پلے ٹرافی دی گئی۔