پی سی ایم ای اے کے وفد کی کلیکٹر کسٹمز اپریزل سے ملاقات،طورخم کے راستے خام مال افغانستان بجھوانے بارے تبادلہ خیال کیا

image

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے)کے وفد نے طورخم کے راستے خام مال افغانستان بھجوانے اور جزوی تیار ی کے بعد واپسی میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے کلیکٹر کسٹمز اپریزل اینڈ فیسلیٹیشن پشاور امجد رحمان سے ملاقات کی ۔ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف کی سربراہی میں سینئر ممبر ریاض احمد اور میجر (ر) اختر نذیر پر مشتمل وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہیں انہیں دور کر کے آسانیاں پیدا کی جائیں گی ۔

کلیکٹرکسٹمز امجد رحمان نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمد سے ملک کو قیمتی زر مبادلہ میسر آتا ہے جو ملک کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف کی قیادت میں وفد نے یونائیٹڈ نیشن ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی دعوت پر بھی دورہ کیا ۔وفد کوپشاور میں مہاجرین کی آبادگاہ اور بزنس فیسلیٹیشن سنٹر کے دورے کے موقع پر مختلف امور بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وفد نے کارپٹ تیار کرنے والے مہاجر ہنر مندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزید بہتری کےلئے پیشہ وارانہ طرز پر رہنمائی کی ضرورت ہے جس کے لئے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ او ر پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اپنا تعاون پیش کرنے کو تیار ہیں ۔وفد نے یو این ایچ سی آر کے ہیڈ کوارٹر میں ذمہ داران سے ملاقات کر کے مستقبل کے منصوبوں اور دو طرفہ تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

عثمان اشرف نے بتایا کہ یو این ایچ سی آر کے ذمہ داران سے مستقبل میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے انتہائی مثبت بات چیت ہوئی ، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ایک ایم او یو پر دستخط بھی ہوں گے جس سے ہمیں آگے بڑھنے میں معاونت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پی سی ایم ای اے اور یو این ایچ آر سی کے درمیان تعاون کے لئے جوائنٹ فریم ورک کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ یو این ایچ سی آر مہاجرین کےلئے بہترین خدمات سر انجام دے رہا ہے اور ہم نے ان افراد کی زندگیوںمیں مزید بہتری کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.