پیرس۔3جون (اے پی پی):پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون،دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا نتالیہ سویٹیک ،امریکا کی ٹینس سٹار کوکوگف اور تیونس کی اونس جبیر فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئیں جبکہ روسی ٹینس کھلاڑی ایناستاسیا سرجیوینا پوٹاپووا اور اٹلی کی ایلیسبیٹا کوکیریٹو میگا ایونٹ کے چوتھے رائونڈ میں ہار کر باہر ہوگئیں۔ سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہےجس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون،دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا نتالیہ سویٹیک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی حریف کھلاڑی ایناستاسیا سرجیوینا پوٹاپووا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد با آسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا نتالیہ سویٹیک کی فتح کا سکور 0-6 اور 0-6 تھا۔ امریکا کی ٹینس سٹار کوکوگف نے بھی پری کوارٹر فائنل رکاوٹ عبور کر لی ، انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کی ایلیسبیٹا کوکیریٹو کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 2-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے دیگرے کھیلے گئے میچز میں تیونس کی اونس جبیر اور جمہوریہ چیک کی ٹینس کھلاڑی مارکیٹا سمکووا نے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔کوارٹر فائنل رائونڈ میں پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون،دفاعی چیمپئن آئیگا نتالیہ سویٹیک کا مقابلہ جمہوریہ چیک کی ٹینس کھلاڑی مارکیٹا سمکووا سے ہوگا۔