نواں ٹی 20 ورلڈکپ ،نمیبیا نے تیسرے میچ میں اومان کو 11 رنز سے ہرا دیا

image

بارباڈوس۔3جون (اے پی پی):نمیبیا کی ٹیم نے اومان کو سخت مقابلے کے بعد نویں آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024کے تیسرے میچ میں سپر اوور میں 11 رنز سے شکست دے دی۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں اومان اور نمیبیا کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔نمیبیا کے ڈیوڈ ویزکو عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پیر کو کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں نمیبیا کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔

اومان کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب اننگز کی پہلی گیند پر اومان کے اوپننگ بیٹر کیشپ پرجاپتی نمیبیا کے بائولر ٹرمپلمین کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین روانہ ہوگئے جبکہ ٹرمپلمین کے پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر اومان کے کپتان عاقب الیاس کی وکٹ گر گئی اور وہ اپنا اکائونٹ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔اومان کی طرف سے خالد کیل39 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ ذیشان مقصود 20 گیندوں پر 22 رنز اور ایان خان 21 گیندوں پر 15 رنز سکور بنا پائے۔عمانی بلے باز کلیم اللہ نے 9 گیندوں پر 11 رنز سکور کیے جبکہ کوئی اور بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

یوں اومان کی ٹیم 19.4 اوورز میں 109 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے نمیبیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 110 رنز کا ہدف دیا۔ نمیبیا کی طرف سے ٹرمپلمین نے 4 ،ڈیوڈ وویز نے 3 جبکہ کپتان گیرہارڈ ایراسمس 2 اور برنارڈ شولز نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں اومان کے خلاف نمیبیا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز سکور کئے اور یوں میچ کا نتیجہ سپر اوور پر چلا گیا۔

نمیبیا کے جین فریلنک 45 اورنیکولس ڈیون 24 رنز بناسکے۔اومان کی جانب سے مہران خان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نمیبیا نے سپر اوور میں اومان کو 22 رنز کا ہدف دیا، اومان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 10 رنز بنا سکی اور یوں نمیبیا کی ٹیم نے میچ میں سخت مقابلے کے بعد اومان کو 11 رنز سے ہرا دیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.