صارفین کے لئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ (سی پی آئی) میں مئی 2024 کے دوران 47برسوں کے بعد پہلی دفعہ سب سے زیادہ کمی ریکارڈ

image

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ (سی پی آئی) میں مئی 2024 کے دوران 47برسوں کے بعد پہلی دفعہ سب سے زیادہ کمی ریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے صارفین کے لئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ بارے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق مئی 2024 میں صارفین کے لئے قیمتوں کاعمومی اشاریہ 11.8 فیصدریکارڈکیاگیا جواپریل کے مقابلہ میں 3.2 فیصدکم اورگزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 1.6 فیصدزیادہ ہے۔

قبل ازیں مئی 1977 میں صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں 4.58 فیصدکی بڑی کمی ریکارڈکی گئی تھی۔شہری علاقوں میں صارفین کے لئےقیمتوں کے عمومی اشاریہ میں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر2.8فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اپریل میں اس میں 0.1 فیصد کی کمی اورگزشتہ سال مئی میں 1.5 فیصدکااضافہ ہواتھا۔ دیہی علاقوں میں صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر3.9 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اپریل میں دیہی علاقوں میں صارفین کے لئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ میں 0.9 فیصدکی کمی جبکہ گزشتہ سال مئی میں 1.7 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاتھا۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں ماہانہ بنیادوں پر4 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، ایس پی آئی میں اپریل کے دوران 0.7 فیصدکی کمی جبکہ گزشتہ سال مئی میں 1.3 فیصدکااضافہ دیکھنے میں آیاتھا۔

ہول سیل پرائس انڈکس میں مئی کے دوران 2.5 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی،اپریل میں ہول سیل پرائس انڈکس میں 0.7 فیصدکی کمی جبکہ گزشتہ سال مئی میں 1 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاتھا۔ بنیادی افراط زرمیں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر0.4 فیصدکااضافہ ہواہے،اپریل میں بنیادی افراط زرمیں 2.1 فیصد جبکہ گزشتہ سال مئی میں 1.2 فیصدکااضافہ دیکھنے میں آیاتھا۔دیہی علاقوں میں نان فوڈنان انرجی افراط زرمیں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں میں 0.5 فیصدجبکہ شہری علاقوں میں 0.4 فیصدکی شرح سے نموہوئی۔

مئی میں ٹماٹرکی قیمت میں 51.23 فیصد، پیاز51.5 فیصد، چکن 35.28فیصد، گندم 20.17 فیصد، آٹا20.12 فیصد، تازہ پھل 8.06 فیصد، تازہ سبزیاں 7.73 فیصد، گندم سے بنی اشیاء 4.12 فیصد، دال مسور2.51 فیصد، مصالحہ جات 2.48 فیصد، چاول 2.42 فیصد، تیارخوراک 1.72 فیصد، سرسوں کاتیل 0.73فیصد، ڈرائی فروٹس 0.67 فیصد، دال مونگ 0.50 فیصد، مچھلی 0.22 فیصد، گڑ0.05 فیصد اورآئس کریم کی قیمت میں 0.02 فیصد کی کمی ہوئی۔اسی طرح مائع پیٹرولئیم 9.45 فیصد، بجلی 4.50 فیصد، موٹرفیول 3.18 فیصد، مواصلاتی آلات 2.35 فیصد، تعمیراتی مشینیری 0.53 فیصد،ٹھوس ایندھن 0.40 فیصد، گاڑیان 0.18 فیصد اورپارٹس کی قیمت میں 0.01 فیصدکی کمی ہوئی۔

اس کے برعکس آلو کی قیمت میں 14.73 فیصد، گوشت 4.06 فیصد، لوبیا3.91 فیصد، انڈے 1.60 فیصد، بناسپتی گھی 1.27 فیصد، کوکنگ آئل 1.26 فیصد، دال ماش 1.06 فیصد، تازہ دودھ 0.60 فیصد، چینی 0.59 فیصد، دال چنا 0.51 فیصد، خشک دودھ 0.47 فیصد، شہد0.38 فیصد، مشروبات 0.36 فیصد، بیسن 0.17 فیصد اوربیکری وکنفیکشنریز کی قیمت میں 0.16 فیصدکااضافہ ہوا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.