ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بلاک بسٹر آغاز: کہیں ’لاہور قلندرز کا خون‘ نمیبیا کو بچا گیا تو کہیں ویسٹ انڈیز اپ سیٹ سے بال بال بچا

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز مقابلوں سے ہوا ہے اور ابھی سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران ٹورنامنٹ میں اپ سیٹس دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
WC
Getty Images

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز مقابلوں سے ہوا ہے اور ابھی سے یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران ٹورنامنٹ میں اپ سیٹس دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان ہوا تھا تو یہی سمجھا جا رہا تھا کہ ورلڈ کپ کے اصل مقابلہ تو ابتدا کے کچھ عرصے بعد شروع ہوں گے جب دونوں گروپس میں موجود بڑی ٹیمیں آپس میں کھیلں گی، لیکن نتائج بالکل اس کے برعکس آئے ہیں۔

افتتاحی میچ میں جس طرح امریکی بلے بازوں نے کینیڈا کے 195 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا تھا اس نے پاکستان اور انڈیا سمیت دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی تھیں۔

اسی طرح گذشتہ رات میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز کے لیے پاپوا نیو گنی (پی این جی) کے ساتھ میچ بہت آسان سمجھا جا رہا تھا لیکن میچ میں ایسے لمحات بھی آئے جب پی این جی کا پلڑہ بھاری تھا اور ویسٹ انڈیز کو137 رنز کا ہدف بھی پہاڑ معلوم ہو رہا تھا۔

ویسٹ انڈیز بالآخر راسٹن چیز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث اس ہدف کو 19ویں اوور میں حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔

ابھی اس میچ اور ویسٹ انڈیز کے لڑکھڑاتے ردِعمل پر بات ہو ہی رہی تھی کہ عمان اور نمیبیا کے درمیان میچ کا آغاز ہی پہلے ہی اوور میں دو وکٹوں سے ہوا۔

یہ وکٹیں نمیبیا کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر روبین ٹرمپلمین نے حاصل کیں۔ ان کی اننگز میں چار وکٹوں نے عمان کا سکور 109 رنز پر روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور یوں پہلی اننگز کے اختتام پرایسا معلوم ہوتا تھا کہ نمیبیا باآسانی یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

لیکن پھر عمان کے سپنرز کی نپی تلی بولنگ اور مہران خان کی تین وکٹوں نے میچ کا پانسہ ایسا پلٹا کہ میچ کا نتیجہ سپر اوور میں جا کر نکلا۔

mehran khan
Getty Images

لاہور قلندرز کی لگاتار دو مرتبہ پی ایس ایل جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈیوڈ ویزا نے آج اپنی قومی ٹیم کو پہلے سوپر اوور تک پہنچانے اور پھر سوپر اوور کی دھواں دار ابتدا کر کے جیت یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کی ابتدا کے بعد دوسرے ہی روز سوپر اوور تک میچ جانے کے باعث اب ورلڈ کپ میں شائقین کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایک عرصے سے دنیا بھر میں کرکٹ کی مقبولیت کے لیے کوشاں تھی اور اس بارے میں وہ امریکہ کو ایک ایسی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی تھی جہاں سے کرکٹ کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔

ٹی 20 کرکٹ نے جس تیزی سے دنیا میں مقبولیت حاصل کی ہے اس سے بظاہر ایسا لگنے لگا ہے کہ جہاں یہ فارمیٹ اس کھیل کی بقا کا ضامن بن سکتا ہے وہیں اسے ایک ایسا کھیل بنانے میں بھی مدد سے سکتا ہے جو دنیا کے بیشتر علاقوں میں کھیلا جاتا ہو۔

بظاہر کمزور ٹیموں کی ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ ان ٹیموں کے کھلاڑی کئی سال سے اکٹھے کھیل رہے ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا کمبینیشن بہتر ہوتا ہے اور وہ ایک طویل عرصے سے کھیل رہے ہوتے ہیں۔

اس کے برعکس دیگر مضبوط ٹیموں کے کھلاڑی یا تو آئی پی ایل میں مصروف رہے ہیں یا پھر گذشتہ کچھ ماہ کے دوران ایک ساتھ زیادہ کرکٹ نہیں کھیلے جس کے باعث انھیں یہ کمیسٹری اور کمبینیشن بنانے میں وقت لگتا ہے۔

ظاہر ہے کہ کرکٹ ایک ٹیم سپورٹ ہے اور اس میں انفرادی کارکردگیوں سے زیادہ پوری ٹیم کی کارکردگی اہم ہوتی ہے۔

اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کرکٹ تجزیہ کار مظہر ارشد نے لکھا کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ صرف تیسرا سوپر اوور ہے اور ورلڈ کپ کے پہلے دو روز میں ہی سوپر اوور ہو گیا۔

انھوں نے کہا کہ یہ بھی ریکارڈ ہے کہ ایک اننگز میں چھ بلے بازوں کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/MazherArshad/status/1797485445594706219

عثمان شیخ نامی صارف نے لکھا کہ ’عمان اور نمیبیا کا میچ دیکھ کر یہ معلوم ہوتا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ صرف 200 سے زیادہ رنز کا ہدف کھڑا کرنے کا کھیل نہیں ہے اور کم ہدف والے ٹوٹل اتنے ہی سنسنی خیز ہو سکتے ہیں۔

ایک صارف نے ڈیوڈ ویزا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’نمیبیا کے خفیہ ہتھیار ثابت ہوئے انھوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔‘

https://twitter.com/Callme_ahsaan/status/1797483044322025599

ایک صارف نے ڈیوڈ ویزا کے لاہور قلندرز کے ساتھ کنکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور قلندرز کا خون ہمیشہ مشکل موقعوں پر اچھا پرفارم کرتے ہیں اور آج بھی انھوں نے ایسا ہی کیا۔

ویزے نے سوپر اوور میں 14 رنز بنائے تھے اور بولنگ کرتے ہوئے سوپر اوور میں صرف 10 رنز کے عوض ایک وکٹ لی تھی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.