اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ ملک میں کاروبار کے فروغ اور ٹیکس دہندہ گان کی حوصلہ افزائی کیلئے حکومت ممتاز بزنس لیڈرز کو قومی ایوارڈ سے نوازے، معاشرے کو کامیاب کاروباری شخصیات کو بطور رول ماڈل تسلیم کرنا ہوگا، آئی سی سی آئی نے بجٹ 2024-25 کی تجاویز وزارت خزانہ کو بھجوا دی ہیں، تاجر برادری کے ساتھ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ضلعی سطح پر مشترکہ کمیٹیوں کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ بات انہوں نے یہاں چیمبر ہائوس میں منعقدہ ”تاجر دوست سکیم“ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں اسلام آباد کے تاجر رہنمائوں کے علاوہ چیف کمشنر آپریشنز ریجنل ٹیکس عابد محمود اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک کی تاجر برادری معاشی ترقی کے لیے ٹیکس کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ٹیکس کی ادائیگی میں ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔ انہوں نے ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی روک تھام کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ناگزیر قرار دیا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے معیشت کو مضبوط کرنے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے بجٹ میں مراعات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بینک اکائونٹس کھولنے اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کے لیے این ٹی این کو لازمی قرار دیا جائے اور این ٹی این نہ رکھنے والے ریٹیلرز کو سپلائی روک دی جائے۔ چیف کمشنر ریجنل ٹیکس عابد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب تک اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2187 تاجر تاجر دوست سکیم کے تحت رضاکارانہ طور پر رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس مقصد کے لیے تاجروں کو کوئی ہراساں یا دھمکیاں نہیں دی جائیں گی اور اس عمل میں کمیونٹی کی سہولت کے لیے ان کے دفتر کے دروازے کھولے گئے ہیں۔انہوں نے ا س حوالے سے تعاون اور سیمینار کے انعقاد پر آئی سی سی آئی کے صدر اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تاجر دوست سکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میر نے تاجر دوست سکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کے بارے میں تاجروں کے تحفظات کو بھی دور کیا جانا چاہیے۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومت اگر واقعی ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا چاہتی ہے تو تاجر برادری پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔انہوں نے سکیم کی کامیابی کے لیے ٹیکس کی شرح کو کم کرنے پر بھی زور دیا۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فواد وحید اور نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ دیگر شہریوں کی طرح تاجروں کا بھی فرض ہے کہ وہ پوری ایمانداری کے ساتھ ٹیکس ادا کریں لیکن کاروبار میں آسانی کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ کی فراہمی بھی اس کام کے لیے یکساں اہم ہے۔ کنوینر تا جر دوست سکیم اسلام آباد شیخ جمشید اختر نے کہا کہ وہ اس سکیم کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔آئی سی سی آئی کے ممبر میاں محمد رمضان نے ایک پریذنٹیشن کے ذریعے شرکاء کو سکیم کے بارے میں آگاہ کیا۔سیمینار میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹوز رضوان چھینہ، فصیح اللہ خان، چوہدری محمد علی، اختر عباسی، اشفاق چٹھہ کے علاوہ خالد چوہدری، عبدالرحمٰن صدیقی، زاہد قریشی، نعیم اختر اعوان، چوہدری عرفان، ملک ندیم اور دیگر نے بھی شرکت کی۔