اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے نان بینکنگ مالیاتی شعبے میں خواتین کے کردار ، نمائندگی اور شمولیت کو فروغ دینے اور اس حوالے سے پالیسی ترتیب دینے کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ورکشاپ میں نان بینکنگ مالیاتی شعبے کے نمائندوں، ایشین ڈویلپمنٹ بینک ، معاشی و پالیسی ماہرین نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ایس ای سی پی نے مالیاتی اور فنانس کے شعبوں میں خواتین کی شمولیت میں اضافے کے لئے پالیسی رپورٹ بھی پیش کی جس میں نان بینکنگ کے شعبے میں خواتین کے کرادار اور ان کی شمولیت میں اضافے سے متعلق پالیسی تجاویز اور فریم ورک تجویز کیا گیا ہے۔
ورکشاپ میں موجود سٹیک ہولڈرز اور پالیسی میکرز نے مجوزہ فریم ورک پر اپنا فیڈ بیک اور تجاویز پیش کیں۔یہ پالیسی فریم ورک خواتین کو مالیاتی شعبے میں بااختیار بنانے کے لئے چھ ستون پر مبنی ہے جن میں خواتین کے لئے خصوصی مالیاتی مصنوعات اور خدمات کی پیشکش، خواتین کے لئےغیر مالیاتی خدمات کا اجرا، خواتین پر مشتمل ہیومن ریسورس ، مالی وسائل اور سرمائے تک خواتین کی سہل رسائی، صنفی تفریق شدہ ڈیٹا کو استعمال کر کے آگاہی دینا اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دے کر جامع اور مساوی ماحول تخلیق کرنا ہے۔ مالیاتی اور فنانشل سیکٹر میں خواتین کی شمولیت کے فروغ کے لئے یہ ایس ای سی پی کا مجوزہ پالیسی فریم ورک خواتین کی مالیاتی شعبے میں شرکت کی طرف اہم قدم ہے جس کا مقصد انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنا اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے کہ وہ ملک کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔