لاہور۔5جون (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں نامور پینٹر استاد اللہ بخش کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 6جون کو تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ آرٹسٹ ٹاک کی تقریب کا انعقا د الحمرا آرٹ میوزیم الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں نامور مصور ڈاکٹر اعجاز انور شرکت کریں گے۔
ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا سارہ رشید نے کہا کہ آرٹسٹ ٹاک کا مقصد نوجوانوں کو استاد اللہ بخش کی خدمات سے روشناس کرانا ہے،الحمرا استاد اللہ بخش کے کام کو اجاگر کرنے کی اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہا ہے۔پاکستانی ثقافت کے سفیر اللہ بخش 1895میں وزیر آباد میں پیدا ہوئے، اپنی پینٹنگ میں روشنی پر خصوصی خیال، رنگوں کا چنائو خوبصورت ہے،رومانویت ان کے فن پاروں کا خاصہ ہے،انہوں نے نوعمری ہی میں برصغیر میں شہرشہر کام کیا،نام کمایا اور انعامات حاصل کئے،وہ صوفیانہ مزاح کے مالک تھے،پنجاب کی لوک کہانیوں کو پینٹ کیا،جو حقیقت کا مجسم کردار ٹھہریں،ان کا حیات فلسفہ ان کے کام سے سمجھا جا سکتا ہے۔وہ 18اکتوبر 1978کو 83 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔