ملکی ترقی میں کاروباری برادری کی شراکت اہمیت کی حامل، حکومت کاروباری برادری کو سستی بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگرسہولیات مہیا کرے،فیصل کریم کنڈی

image

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے ۔چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ بزنس کمیونٹی کے نمایاں افراد کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں کاروباری برادری کی شراکت انتہائی اہم ہے، حکومت کو موجودہ معاشی بحران پر قابو پانے کے لئے انڈسٹری اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے انہیں سستی بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات دینا ہوں گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کے پی کے اور گلگت بلتستان کی سیاحت کی صلاحیت کا استعمال کرکے ہم غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرسکتے ہیں اور اس مقصد کے لئے ہمیں کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہا ئو س کے دروازے بزنس کمیونٹی کے لئے خاص طور پر آئی سی سی آئی کے لئے کھلے ہوئے ہیں، بزنس کمیونٹی صوبے کے سیاحت کے مقامات کو ترقی دے کر غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے مشترکہ طور پر ایکشن پلان مرتب کرے۔

انہوں نے اسلام آباد ا ور کے پی کے در میان انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی کے لئے اپنے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ ہر معاشرے میں کاروباری برادری کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر سمجھا جاتا ہے اور پاکستان کی کاروباری برادری بھی معیشت کی ترقی اور روزگارکے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

ا نہوں نے ملک میں سیاحت اور برآمدات کے فروغ کے لئے آئی سی سی آئی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ گورنر کے پی کے صنعتی زون کے لئے مناسب زمین کی فراہمی کے لئے کردار ادا کریں۔سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پی کے کی حیثیت سے فیصل کریم کنڈی کے متحرک کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری گورنر کے پی کے کو اپنا گورنر سمجھتی ہے اور یہ اعتماد ہے کہ وہ ان کے مطالبات کیلئے حکومتی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان کی معیشت کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھنے کے لئے متحر ک ہیں لیکن ہمیں باہمی تعاون کی کوششوں کے ذریعے اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔

سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی فاد وحید نے مطالبہ کیا کہ کاروباری برادری کو پورے پاکستان میں تمام متعلقہ محکموں میں نمائندگی دی جانی چاہیے تاکہ اس کے مسائل کو حل کرنے اور ملک کی بہتری کے لئے ہموار سفر حاصل کرنے میں مدد ملے۔ایگزیکٹو ممبر عامر حمزہ نے صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری کی سربراہی میں آئی سی سی آئی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ا س موقع پر اسلام آباد اور کے پی کے کے 42 کاروباری رہنمائو ں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.