وارسا۔6جون (اے پی پی):پاکستان اور فرانس کی ہاکی ٹیمیں پولینڈ میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی مینز نیشنز کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ۔پول بی میں فرانس پہلے اور پاکستان دوسرے نمبر پر رہا۔ ملائیشیا دن کے پہلے کھیل میں کینیڈا کو شکست دینے کے بعد تیسرے نمبر پر رہا۔
فرانس نے تیسرے پول میچ میں پاکستان کی ٹیم کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 5 کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا دیا۔ یہ فرانس کی مسلسل تیسری فتح تھی اور اس فتح کے بعد فرانسیسی ہاکی ٹیم پول بی میں سرفہرست رہی جبکہ پاکستان کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ فرانس کی جانب سے وکٹر شارلٹ نے 4،بلوس انتھونی روزولو اور گیسپارڈ اوریل میری بوینجرٹن نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔پاکستان کی طرف سے ابومحمود ،مرتضیٰ یعقوب ،وحید رانا،عبدالرحمن ،حنان شاہد نے ایک ایک گول سکور کیا۔فرانس کی ٹیم کو میچ کے ہاف پر پاکستان کے خلاف 2-4گول کی برتری حاصل تھی۔مینز ہاکی نیشنز کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 8 جون کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔ مینز ہاکی نیشنز کپ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ اور فائنل میچ 9 جون کو کھیلا جائے گا۔