لاہور۔6جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔جننگ فیکٹریوں پر ایکسائزہائی وے ٹیکس، کاٹن کے درآمدی بیج، بنولہ پرٹیکس اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔وفد نے ملتان میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے کا مطالبہ کیا۔صوبائی وزیرنے کاٹن جنرزایسوسی ایشن اور جننگ فیکٹریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ شوگر ملز مالکان ہرسال اربوں روپے کماتے ہیں لیکن کاشتکاروں کو سالوں ادائیگی نہیں کرتے۔
کپاس نقدآور فصل ہے، کاشتکاروں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر روزگار کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہے۔ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لئے لاہور کے نزدیک 2 ہزار ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جارہا ہے۔صنعتکاروں کی سہولت کےلئے ملتان میں بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر بنایا گیا ہے۔اس سینٹر میں 25 وفاقی اور صوبائی محکموں کے افسران فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے ملتان میں بنجر اراضی پر نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کے لئے سروے کرنے کا بھی حکم دیا۔وفد میں پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری وحید ارشد، سہیل ہرل، محمد اکرم اور دیگر شامل تھے۔ایم ڈی پیسک سدرہ یونس،سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری کامرس اور دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔