اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):برطانیہ کو پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دس ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 2.31 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دس ماہ میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.683 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.645 ارب ڈالر تھا۔
اپریل میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 154.61 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال اپریل میں 151.11 ملین ڈالر تھا۔ مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 13.39 فیصد کی کمی ہوئی۔ مارچ میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 178.51 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اپریل میں کم ہو کر 154.61 ملین ڈالر ہو گیا۔دیگر ممالک کو پاکستان کی مجموعی برآمدات میں اس عرصہ کے دوران 10.64 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 25.66 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 23.19 ارب ڈالر تھا۔