راولپنڈی ۔7جون (اے پی پی):گلگت بلتستان کی زراعت کے لئے بڑی خوشخبری کی بات ہے کہ پاکستان سے چین تک چیری کی برآمد شروع ہو گئی ہے ۔این ایل سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے چیری کی پہلی کھیپ چین پہنچ گئی ہے ،چیری سے لدا این ایل سی کا ریفر ٹرک گلگت بلتستان سے روانہ ہوا تھا، این ایل سی کے ٹرک پر6 میٹرک ٹن چیری لوڈ کی گئی تھی ،ٹرک خنجراب کے راستے چین کے شہر تاشکرگن پہنچ گیا۔
این ایل سی کا ٹرک گلگت بلتستان سے صرف 3 دن میں چین پہنچا،این ایل سی کے ریفر کنٹینر نے دوران ترسیل چیری کی تازگی کو برقرار رکھا۔بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کے لئے چیری کی گلگت بلتستان میں خصوصی پلانٹ پر ٹریٹمنٹ کی گئی، چیری کی دوسری کھیپ اگلے ہفتے چین روانہ ہوگی۔ این ایل سی کی خصوصی سروس کی بدولت تازہ پھلوں کی برآمد ممکن ہوئی ہے، این ایل سی ریفر سروس کی مدد سے پھلوں اور زرعی اجناس کی علاقائی منڈیوں تک ترسیل سے قیمتی زر مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔