کراچی۔ 07 جون (اے پی پی):کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر افتخار احمد شیخ نے حکومت کی جانب سے گوداموں اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کے اعلان کو سراہا ہے جس کا تاجر وصنعتکار برادری کی جانب سے بہت زیادہ مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ گوداموں اور لاجسٹکس کو صنعت کا درجہ وقتاً فوقتاً ہونے والی ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے خاص طور پر اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وائس چیئرمین بی ایم جی ہارون فاروقی کی قیادت میں کراچی چیمبر کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔صدر کے سی سی آئی نے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں نے ملک کو معاشی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے جس کی موجودہ مہنگائی اور کاروبار کرنے کی زائد لاگت کی صورتحال میں سخت ضرورت تھی۔انہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کے سی سی آئی کی جانب سے اجاگر کئے گئے دیگر مسائل بالخصوص ناقابل برداشت توانائی کے نرخوں پر بھی حکومت کی جانب سے خصوصی توجہ دی جائے گی اور بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف کا جلد اعلان کیا جائے گا جو یقینی طور پر صنعتکاری کو فروغ د ینے کے ساتھ ساتھ مہنگائی کو قابو کرنے اور برآمدات میں اضافے کا سبب بنے گا۔