گیانا۔8جون (اے پی پی):آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان نے نیوزی لینڈ کو بآسانی 84 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی ، 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 75 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، فضل حق فاروقی اور راشد خان نے چار ، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز کو 80 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ،
پروویڈنس اسٹیڈیم ، گیانا میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے 14 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، افغان اوپنرز نے 103 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے ، رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 56 گیندوں پر 80 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں ابراہیم زدران 44 اور عظمت اللہ عمر زئی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے ، کپتان راشد خان 6 جبکہ محمد نبی اور گلبدین نائب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 15.2 اوورز میں 75 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، گلین فلپس 18 اور میٹ ہینری 12 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ان کے علاوہ کوئی بھی کیوی بیٹر دوہرا ہندسہ عبور نہ کر سکا ، فن ایلن صفر، ڈیون کانوے 8 ، کپتان کین ولیمسن 9 ، ڈیرل مچل 5 ، مارک چیپمین 4 ، مائیکل بریسویل صفر ، مچل سینٹنر 4 اور لوکی فرگوسن 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ،افغانستان کی طرف سے فضل حق فاروقی اور راشد خان نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار ، چار وکٹیں حاصل کیں ، محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، افغانستان کی یہ گروپ سی میں مسلسل دوسری کامیابی ہے، اس طرح وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے ۔