نیویارک ۔8جون (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ اتوار کو ہوگا ، دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، نیویارک میں پنجہ آزمائی کریں گی ، دنیا بھر میں شائقین کرکٹ کو اس اہم میچ کا بے صبری سے انتظار ہے ، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، حارث رؤف ، نسیم شاہ، افتخار احمد ، شاداب خان اور عماد وسیم شامل ہیں ،
پہلے میچ میں امریکہ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے ، شکست کی صورت میں گرین شرٹس کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں ، بھارتی ٹیم کو جارح مزاج بیٹر روہیت شرما لیڈ کر رہے ہیں اور انہیں ویرات کوہلی ، روندرا جدیجا ، جسپریت بمرا ، ہارڈیک پانڈیا ، رشبھ پنٹ ، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ، دونوں ٹیمیں ایک ، ایک بار ٹی 20 ورلڈ کپ جیت چکی ہیں ، پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 11 جون کو کینیڈا جبکہ چوتھا اور آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی، واضح رہے کہ گروپ اے میں میزبان ٹیم امریکہ دو فتوحات کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔