تاجر برادری کے مسائل حل کر کے ملکی معیشت کوترقی دی جا سکتی ہے، احسن ظفر بختاوری

image

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجروں کے مسائل کا حل معاشی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے ، دارالحکومت میں کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کیلئے تمام آپشنز بروئے کار لائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے یہاں چیمبر ہاؤس میں بلیو ایریا کے تاجروں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اس کے کاروباری شعبے کی کامیابی سے جڑی ہوئی ہے اور ان کی قیادت میں آئی سی سی آئی کاروبار کے فروغ کے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد کا سب سے بڑا کاروباری مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی دوسری سب سے بڑی ٹیکس ادا کرنے والی مارکیٹ ہے لیکن اس میں ضروری سہولیات کا فقدان ہے جس کی وجہ سے وہ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں، ان مسائل میں ٹریفک جام، پارکنگ پلازہ کی کمی، پھول منڈی کے لیے جگہ کی فراہمی، موجودہ واش رومز کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔

احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ڈکیتی اور پرس چھیننے کی وارداتوں کو روکنے کے لیے سیف سٹی کیمروں کی فعالیت بہت ضروری ہے اور وہ اس مقصد کے لیے متعلقہ پولیس حکام سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے لیے جو مہم شروع کی ہے اس کے تحت بلیو ایریا میں بھی مناسب جگہ مختص کر دی گئی ہے اور آئندہ چند روز میں اس پر کام شروع کر دیا جائے گا۔

چیئرمین فاؤنڈر گروپ خالد اقبال ملک نے تاجر برادری کی بہتری کے لیے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا کے عہدیداران کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے آئی سی سی آئی کی طرف سے بھر پور حمایت اور تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ ممبر سینی ٹیشن سی ڈی اے معشوق علی شیخ نے اس موقع پر بلیو ایریا میں نئے واش رومز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تاجر برادری کو کاروباری مراکز کو صاف ستھرا، سرسبز اور کاروبار دوست رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ بلیو ایریا میں کوڑا کرکٹ کو ہٹا کر اضافی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

بلیو ایریا کے گروپ لیڈر یوسف راجپوت نے احسن ظفر بختاوری کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ تاجر برادری اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں سے چوکنا رہے جو تاجروں کے مفاد کو نقصان پہنچانے پر تلی ہوئی ہیں۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر نے اپنی مارکیٹ کے مسائل حل کرنے پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایف سیون اسد عزیز نے اس موقع پر تاجر برادری کی بہتری کے لیے اپنی ٹریڈباڈی کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ کرایہ داری کے معاملات کے حل کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ثالثی کونسل کا قیام احسن ظفر بختاوری کی بطور صدر آئی سی سی آئی اہم کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل اور سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری نے مناسب عزت و تکریم کے حصول کے لیے تاجر برادری کی صفوں میں اتحاد، دیانت اور بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی کا واحد ایجنڈا کاروباری رول ماڈلز کو بین الاقوامی سطح پر برانڈ بنا کر کاروبار کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر چوہدری محمد نعیم، خالد چوہدری،عبدالرحمن صدیقی، بشارت کاکاخیل، احمد خان، چوہدری امتیاز اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.