اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):قومی سائیکلنگ ٹیم نے ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں اپنا پہلا گولڈ میڈل حاصل کر لیا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی نمائندگی کرنے والے علی الیاس نے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے لیے ایک یادگار فتح کا نشان بناتے ہوئے انفرادی ٹائم ٹرائل ایونٹ جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔
ہفتہ کو پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الماتے (قازقستان) میں منعقد ہونے والی چیمپئن شپ میں ایشیا بھر کے بہترین سائیکل سواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے۔ایونٹ میں علی الیاس کی کارکردگی نمایاں رہی کیونکہ انہوں نے غیر معمولی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔یہ فتح نہ صرف پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ہمارے کھلاڑیوں کی صلاحیت اور لگن کو بھی اجاگر کرتی ہے۔یہ گولڈ میڈل ہمارے کھلاڑیوں کی محنت اور ثابت قدمی اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ایس ایس جی سی کے ترجمان نے کہا کہ ہمیں اس تاریخی کامیابی پر علی الیاس اور پوری ٹیم پر فخر ہے۔یہ جیت سائیکلنگ کی دنیا میں پاکستان کی موجودگی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہےجو ملک کے بڑھتے ہوئے ٹیلنٹ اور کھیل سے وابستگی کو ظاہر کرتی ہے۔یہ سائیکل سواروں کے لیے ایک زبردست اور قوم کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ علی الیاس نے جیت کے بعد اپنے فخر اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، “پاکستان زندہ باد!” ۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ اس شاندار کامیابی میں تعاون کرنے والے تمام معاونین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس فتح سےایک نئی مثال قائم ہوئی ہے اور یہ کھیلوں میں مستقبل کی کامیابیوں کی راہ ہموار کرتی ہے۔